جمعیت اہلحدیث کا مولانا ویری کی رہائی کا مطالبہ

سرینگر// جمعیت اہلحدیث نے آمدِ رمضان کے تعلق سے جمعیت منزل پر تنظیم کے سبھی ضلعی و تحصیل صدور کے علاوہ ضلع سرینگر کے جملہ صدور وحلقہ جات کی غیر معمولی نشست صدرپروفیسر غلام محمد بٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ جمعیت کے فلاحی ، دعوتی اور تعلیمی منصوبے زیر بحث آئے اور سبھی پروگراموں کی عمل آوری کے لئے ذمہ دارانِ جمعیت کی وساطت سے عوامی مالی تعاون کاشکریہ ادا کیا گیا ۔اس موقعہ پر صدر جمعیت نے اسلام میں انفاق و ایثار کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت اپنی اساس کے روزِ اول سے ہی ایک منصوبہ بند طریقہ پر زکوٰۃ کے حصول کا کام اجتماعی طور کررہی ہے۔انہوں نے آمد رمضان کے موقع پر سبھی کارکنانِ جمعیت کو ایک بار پھر حسب سابق زکوٰۃ و صدقات کی حصولیابی کے لئے جٹ جانے اور جمعیت کے منصوبوں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔انہوں نے اس موقعہ پر مولانا مشتاق احمد ویری کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔