سرینگر //کورونا وائرس اور موجودہ مخدوش حالات کو دیکھتے ہوئے جمعیت اہلحدیث نے موجودہ صدر مولانا غلام محمد بٹ المدنی کی معیاد کار میں3سال کی توسیع کی ہے۔جمعیت کے بیان کے مطابق مرکزی مجلس مشاورت اس بات پر کلی طور متفق تھے کہ موجودہ حالات میں صدارتی انتخابی عمل کسی طور عملایا نہیں جاسکتا اور رکنیت سازی چونکہ نہیں کی جاسکتی اس لئے سال 2017-20میں قائم مجلس شوریٰ ہی آئندہ3 سال کیلئے کام کرتی رہے گی۔ البتہ اس تعلق سے کچھ ہدایات مرکز کی جانب سے متعلقہ ذمہ داروں کو ارسال ہوں گی۔مجلس مشاورت نے اتفاق رائے سے صدر محترم پر زور دیا کہ وہ آئندہ تین برس کے لئے مسلسل آئین جمعیت کی دفعہ29شق (ب )اور شق (ز) کے تحت اپنی صدارتی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں ۔ جس کے جواب میں صدر جمعیت نے اپنی خدمات پھر وقف کرکے سبھی وابستگان جمعیت سے حسب سابق مکمل تعاون طلب کیا۔ اراکین نے اس حوالہ سے کامل اطاعت کا یقین دلایا۔ اراکین مشاورت ہائوس سے اس تعلق سے بطور خاص مخاطب ہوئے اُن میں صدر ضلعی جمعیت کپوارہ عبدالحمید شاہ ، صدر ضلع بارہمولہ غلام محمد میر، صدر ضلع کولگام محمد رمضان،صدر ضلع پلوامہ غلام نبی بندھ، صدر ضلع گاندربل منظور احمد، صدر ضلع ڈوڈہ بشارت علی ، نمائندہ لداخ جمعیت منیر حسین ،صدر ضلع پونچھ راجوری عبداللطیف ریاضی ، مولانا عبدالقیوم سراجی ناظم ضلع رام بن ، صدر ضلع بڈگام محمد شعبان کمہار ، ریاض احمد شاہ ، زبیر احمد طاہری ،حاجی عبدالغنی بٹ ، محمد اکبر خان ، نذیر احمد مخدومی کھڑی بانہال ، صدر ضلع شوپیان عبدالوارث ، عبدالرشید کریمی اور دیگر معززین شامل تھے۔ اس موقعہ پر مولانا غلام محمد بٹ المدنی نے کہاکہ ’’جمعیت کی صدارتی ذمہ داریوں کا بارگراں ایک بار پھر میرے دوش ناتواں پرڈال کر آپ نے جہاں مجھے پھر امتحان میں ڈال دیا ہے، وہاں مجھ پر آپ کا مسلسل یہ اعتماد عزائم وحوصلوں کو مستحکم کردیتا ہے،اللہ تعالیٰ کرے کہ میں اس اعتماد پر پھر پورااُتروں‘‘ ۔انہوںنے کہاکہ ’ چونکہ میری صدارت کی معیاد اختتام کو پہنچ گئی تھی اور نئے انتخاب کا ہونا لازم تھا مگر موجودہ مخدوش حالات اور کورونا وائرس کے بیچ جیسا کہ آپ میں سے ہر رکن مشاورت نے کہا کہ ایسا قطعی ناممکن ہے اس تعلق سے انہوں نے کہا کہ اس ساری صورتحال پر دن بھر بحث وتمحیص جار ی رہی جس میں اراکین مشاورت نے کھل کر گفتگو کی۔
جمعیت اہلحدیث مرکزی مجلس مشاورت کا اہم فیصلہ | صدر کی معیاد کار میں3سال کی توسیع
