جمعیت اہلحدیث محض دینی تنظیم:پروفیسر بٹ

سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے کہا ہے کہ اُن کی تنظیم عقائد کی درستی ، معاشرے کی تطہیر اور اخلاقی و روحانی اقدار کی نگہبانی قرآن و سنت کی روشنی میں کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی صلاح و فلاح ہی اُن کا مشن ہے۔موصولہ بیان کے مطابق پروفیسر بٹ مرکز ِ جمعیت پر آئے مختلف تنظیمی ذمہ داروں اور عازمین کے کئی وفود سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے پنن کشمیر نامی تنظیم کے لیڈران کی جمعیت مخالف بیان کے جواب میں اپنا رد عمل میں کہا’’ہمارے مدارس اور ہماری مساجد کے قیام کا مقصد اول ہی متذکرہ اہداف کو حاصل کرنا ہے ۔ہم باہمی رواداری کے وارث ، محبت و اخوت کے داعی، فرقہ بندیوں سے نالاں اور اسلام کے ہمہ گیر پیام رحمت کے امین ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت ایک خالص دینی و دعوتی اور غیر سیاسی جماعت ہے اور ہر مسئلے کا پائیدار حل پر امن انداز میں چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت کے سبھی پروگرام اظہر من الشمس ہے اور کارکردگی کھلی کتاب ہے جس پر کسی طرح کے الزامات اس کی شبیہ کو مسخ کرنے کی کوشش ہے جو ناممکن ہے۔