جماعت لیڈر کے جواں سال بیٹے، تین کارکنان پر سیفٹی ایکٹ کا اطلاق، جموں جیل منتقل

سرینگر/حکام نے جمعرات کو جنوبی کشمیر میں جماعت اسلامی سے وابستہ متعدد افراد پر پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لاتے ہوئے جیل منتقل کیا۔

جماعت اسلامی کے مذکورہ کارکنان کو گذشتہ ماہ جاری کریک ڈائون کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق جن جماعت اسلامی سے وابستہ کارکنان کو سیفٹی ایکٹ کے تحت آج جیل منتقل کیا گیا اُن میں امیر حلقہ سنگم محمد شعبان ڈار (64) ساکنہ مرہامہ سنگم، سابق قیم ضلع اننت ناگ مشتاق احمد وانی(67) ساکنہ ککرناگ اور امیر حلقہ صوف شالی ککر ناگ نوشاد احمد(65) شامل ہیں۔

ذرائع نے کہا کہ مذکورہ تینوں جماعت عہدیداروں کو کٹھوعہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 19سالہ عاقب گلزار ولد گلزار احمد امیر تحصیل اننت ناگ بھی گرفتار شدگان میں شامل ہے اور اُسے بھی سیفٹی ایکٹ کے تحت ہیرا نگر جیل منتقل کیا گیا ہے۔عاقب کا والد اننت ناگ کے اُرنہال گائوں کا رہنے والا ہے ۔