جماعت اسلامی ہندکی امدادی کارروائیاں جاری

 حیدرآباد//کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے ملک میں لاک ڈا ؤن کے بعد سے اب تک جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد کی جانب سے کئے گئے فلاحی کاموں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد،مولانا حافظ محمد رشاد الدین نے کہا کہ سروئے کے بعد راحت کا کام جاری ہے ۔انہوںنے کہا کہ لاک ڈاؤن سے اب تک صاحب ثروت اور خیرخواہوں کے تعاون سے جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد کی جانب سے دیڑھ کروڑ روپیوں سے زائد کا راحت کام انجام دیا گیا ہے ۔لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلہ میں مستحق افراد کی شناخت کے ساتھ ان تک ضروریات کی اشیاء،دوائیں،غذائی اجناس کے علاوہ پکا ہواکھانا بھی پہنچایا گیا۔16 ہزار سے زائد راشن کٹس اب تک تقسیم کئے جاچکے ہیںاور ماہ رمضان میں امدادی کاروائی جاری رہے گی۔
حافظ رشاد الدین نے کہا کہ جماعت اسلامی ہندکی جانب سے تمام فلاحی کام بلالحاظ مذہب وملت کئے جارہے ہیں اور برادران وطن میں بھی اسکا اچھا اور مثبت پیغام جارہا ہے ۔انہوں کہا کہ اب جبکہ رمضان المبارک بالکل قریب ہے ۔اسی لئے جماعت نے منظم انداز میں وسیع پیمانے پر قبل ازرمضان اور رمضان میں بھی مسلم مستحق خاندانوں میں سحر و افطار کی ضروریات کو پورا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔یواین آئی