جماعت اسلامی کا کریک ڈائون، امیر سمیت درجنوں شبانہ چھاپوں میں گرفتار

سرینگر/فورسز نے دوران شب جماعت اسلامی جموں کشمیر کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے اس کے امیر ڈاکٹر عبد الحمید فیاض سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔

جماعت اسلامی کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ رات کے دوران اس کے درجنوں مرکزی و ضلعی عہدیداروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

جماعت اسلامی سے وابستہ جن افرد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اُن میں امیر جماعت ڈاکٹر فیاض کے علاوہ ایڈوکیٹ زاہد علی (ترجمان)،غلام قادر لون سابق جنرل سیکریٹری،عبد الروئوف امیر ضلع، اسلام آباد،مدثر احمد، امیر تحصیل پہلگام،عبد السلام، دیالگام،بختاور احمد، دیالگام،محمد حیات ،ترال، بلال احمد، چاڈورہ، غلام محمد ڈار، چک سانگڑن وغیرہ شامل ہیں۔

جماعت اسلامی بیان کے مطابق اس کے علاوہ بھی درجنوں افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

 جماعت اسلامی نے ان گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے'' ایسا لگتا ہے کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کیخلاف کوئی سازش بنائی گئی ہے''۔