جل شکتی کے عارضی ملازمین کا پونچھ میں احتجاج

حسین محتشم
پونچھ//پی ایچ ای یو ناٹینڈفرنٹ کے بینر تلے پونچھ کے کرشن چندر پارک میںعارضی ملازمین نے احتجاج کیا ۔اس دوران شرکاء نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ان کو مستقل کرنے کا اعلان ایک مذاق کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے عارضی ملازموں نے اپنے مطالبات کو لے کر جمعرات کے روز کرشن چندر پارک پونچھ میں ایک بار پھر ان کی نوکریوں کی مستقلی اور منیمم ویجز ایکٹ پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر موجود شرکاء نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ان کو مستقل کرنے کا اعلان ایک مذاق کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عرصہ دراز سے اپنے محکمہ کی خدمت کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں جس کے عوض ہمیں حقیر تنخواہ وہ بھی چھ چھ سات سات ماہ کے بعد دیکھنے کو ملتی ہے جس سے نہ گھر کا چولھا جلتا ہے نہ قرض کی ادائیگی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب بھی ان کے مطالبات کی طرف توجہ نہیں دی تو ہم 22جون سے اپنے کنبوں سمیت سڑکوں پر آئیں گے جو ایک عوامی تحریک بن سکتی ہے جس کو روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سے قبل بھی کئی بار مظاہروں کے ذریعے حکومت کی توجہ اپنے مطالبات کی طرف مبذول کرنے کی کوشش کی لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔ ملازمین نے تمام عارضی ملازمین کی نوکریوں کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔