جل جیون مشن :گزشتہ چار ماہ کے دوران20ہزارپانی کے کنکشن فراہم

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں یونین ٹیریٹری جموں وکشمیر میں جل جیون مشن کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔دورانِ میٹنگ مشیر بھٹناگر نے افسران پر زرو دیا کہ کیمیائی پیرا میٹروں کی جانچ کے لئے پانی کے تمام وسائل کی جانچ کے علاوہ تلچھٹ کے مسائل یادیگر مسائل کو سکیم کے کامیاب عمل آوری کے لئے ہاتھ میں لینے سے پہلے دیکھ لینا چاہیئے۔مشیر موصوف نے اَفسران سے کہا کہ جل جیون مشن کی عمل آوری میںکوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیئے کیوں کہ یہ ایک اِنتہائی اہم پروجیکٹ ہے اور حکومت دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بنیادی خدمات فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے اور جل جیون مشن اِس کا حصہ ہے۔مشیر بھٹناگر نے کاموں کی تکمیل میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ سکیم پر عمل درآمد کرتے ہوئے کام کا معیار برقرار رکھیں اور اُن پر زور دیا کہ وہ مقررہ وقت کے اندر ہدف کو مکمل کریں۔مشیر موصوف نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام سکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں فنکشنل ہوم ہولڈ ٹیپ کنکشن ( ایف ایچ ٹی سی ) کی فراہمی 12 اگست تک مکمل ہوجائے اور اس کے علاوہ انٹگریٹیڈ مینجمنٹ اِنفارمیں سسٹم ( آئی ایم آئی ایس )پورٹل پر ڈیٹا کو باقاعدگی سے اَپ ڈیٹ کیا جائے ۔مشیر بھٹناگر نے افسران سے مزید کہا کہ نیشنل ایکریڈٹیشن بورڈ فار ٹیسٹنگ اینڈ کیلیبریشن لیبارٹریوں (این اے بی ایل) کے تحت تمام اضلاع میں جلد از جلد ٹیسٹنگ لیبارٹریاں قائم کی جائیں تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جا سکے۔ مشن ڈائریکٹر جے جے ایم نے جموںوکشمیر میں جل جیون مشن کی عمل آوری کے بارے میں ایک تفصیلی پرزنٹیشن دیتے ہوئے میٹنگ کو جانکاری دی کہ اپریل 2021ء تک  998,339فنکشنل ہوم ہولڈ ٹیپ کنکشن (ایف ایچ ٹی سی) فراہم کئے گئے ہیں اور گزشتہ چار مہینوں میں,000 20 سے زائد کنکشن بھی فراہم کئے گئے ہیں۔مشن ڈائریکٹر نے مشیر موصوف کو جانکاری دی کہ صوبہ کشمیر کے 9,494 سکولوں میں نل کے پانی کی سہولیت فراہم کی گئی ہے جبکہ صوبہ جموں کے 21,555 سکولوں میں بھی پانی کی سہولیت فراہم کی جاچکی ہے۔اسی طرح کشمیر اور جموںصوبوں میں بالترتیب 11,140 اور 22,303 آنگن واڑی مراکز کو فنکشنل گھریلو نل کنکشن (ایف ایچ ٹی سی )فراہم کئے گئے ہیں۔