جل جیون مشن بھی پنچایت براچھڑ لورن کی پیاس نہ بجھا سکا | عوام پینے کے صاف پانی سے محروم،خواتین خمیازہ بھگتنے پر مجبور،انتظامیہ سے فریادی

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے بلاک لورن کی پنچایت براچھڑ کے وارڈ نمبر دو میں لوگ پینے کے پانی کی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے علاقہ کے لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔ علاقہ میں پانی نہ ہونے کے باعث مکینوں کو میلوں سفر کر کے پیدل پانی لانا پڑ رہا ہے۔ عادل ایوب،مشتاق احمد و دیگر علاقہ کے لوگوں نے سخت تویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کے لوگ کافی عرصہ سے پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں۔ ان کے مطابق علاقہ میں عرصہ دراز قبل بچھائی گئی پائپ لائن جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے جس کے سبب لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیانہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کی خواتین کافی دور پانی لانے کے لیے جاتی ہیں جس دوران آئے روز انہیں سخت پریشانیاں اٹھانی پڑتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہوں نے بارہا متعلقہ محکمہ کے عہدیداران تک معاملہ پہنچایا لیکن باوجود اس کے ابھی تک متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے اور ناہی علاقہ میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی سہولیات میسر نہ ہونے کے سبب مقامی لوگوں کو شدید بارشوں اور برفباری کے دوران گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حال ہی میں پنچایت براچھڑ میں “جل جیون مشن” سکیم کا آغاز کیا گیا تھا جس کے تحت ہر گھر نل اور ہر گھر جل پہنچانا مقصود تھاتاہم علاقہ میں “جل جیون مشن” سکیم کے تحت کوئی بھی کام نہیں ہورہا ہے اور ناہی لوگوں کو اس اسکیم سے کوئی فائدہ پہنچ پارہا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن گھروں میں ابھی تک “جل جیون مشن” سکیم کے تحت پائیپیں نہیں لگائی ہیں اُن گھروں تک جلد از جلد پائیپیں بیچھائی جائیں تاکہ علاقہ کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی سہولیات میسر ہو اور ان کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔