جموں//بھاجپا کے جموں کشمیرکے سربراہ رویندررینہ نے منگل کوپیپلزڈیموکریٹک پارٹی صدرمحبوبہ مفتی پر’’طالبانی نظریہ‘‘ کی ہونے کاالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جس کسی نے بھی عالمی کپ میچ میں پاکستان کی بھارت پرفتح کا جشن منایا ہوگااُسے ملک کے خلاف سازش کرنے کیلئے جیل بھیج دیاجائے گا۔رینہ نے کہا ،’’کچھ لیڈر جنہیں چوبیسوں گھنٹے حفاظتی سہولیات کی ضرورت ہے اور وہ انہیں فراہم کی جاتی ہیں لیکن ان کے دل پاکستان کیلئے دھڑکتے ہیں۔محبوبہ کانظریہ طالبانی ہے جو مسلح جنگجوئوں کو یہاں بھیج رہا ہے اورہمارے خلاف سازش کرکے جموں کشمیرمیں خون بہارہا ہے۔اُس نے ایک گھنائوناگناہ کیا ہے‘‘۔’وجے دیوس‘(یوم الحاق) کے سلسلے میں ان کی پارٹی کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر ذرائع ابلاغ نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بھاجپارہنمانے کہاجن لوگوں نے پاکستان کی جیت کا جشن مناکر ملک کے خلاف سازش رچی ہے،کوبخشا نہیں جائے گا۔ رینہ نے کہا کہ جوکوئی بھی قومی سالمیت اوریکجہتی کیلئے خطرہ بن جائے گا،کوسختی سے کچلا جائے گا۔کشمیرمیں جن لوگوں نے پاکستان کی جیت کا جشن مناکر ہنگامہ بپا کیا ہے ان کے خلاف کیس درج کیا جاچکاہے اوران سب کو جیل بھیج دیاجائے گا۔ سانبہ میں چھ افراد کوحراست میں لیاگیا ہے جبکہ کئی ایف آئی آران لوگوں کے خلاف درج کئے گئے ہیں جنہوں نے پاکستانی ٹیم کی جیت کا جشن منایا۔ مرکزی وزیررائواندرجیت سنگھ نے بھاجپا کے رہنمائوں کے ہمراہ یوم الحاق منایا اورآخری ڈوگرہ حکمران مہاراجہ ہری سنگھ کوخراج عقیدت پیش کیا۔اس موقعہ پر قومی جھنڈا بھی لہرایا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رینہ نے کہا کہ یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کی طرح ہمارے لئے وجے دیوس بھی اہم ہے کیوں کہ اسی دن مہاراجہ نے بھارت کے ساتھ الحاق کرکے جموں کشمیرکوبھارت کااٹوٹ حصہ بنایا۔
جشن منانے والو ں کوبخشانہیں جائیگا؛رویندررینہ
