نیوز ڈیسک
سرینگر//ڈائریکٹوریٹ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس کشمیر یونیورسٹی کی جانب سے پیر کو مین کیمپس میں پہلی مرتبہ جسمانی طور خاص افراد کیلئے والی بال میچ کا انعقاد کیا گیا۔اس میچ میں کشمیر کے مختلف حصوں سے پیرا پلیئرز نے حصہ لیا، جو کہ وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان کی ہدایت پر منعقد ہوا، جنہوں نے جسمانی طور خاص افراد کے لیے کھیلوں کی مختلف سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے کی ہدایت کی۔
ڈائریکٹوریٹ خصوصی طور پر معذور طلبا کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے باقاعدہ انٹر کالج سپورٹس سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ متعدد انٹر کالج پیرا ایونٹس کے انعقاد پر غور کر رہا ہے۔تین سیٹوں کے میچ میں ٹیم گرین نے ٹیم ریڈ کو 2 سیٹس سے 1سے شکست دی۔
ڈائریکٹر ڈی پی ای ایس ڈاکٹر مصور احمد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور کہا کہ یونیورسٹی نے اپنے کھیلوں کی سرگرمیوں کے شیڈول میں خصوصی طور پر معذور کھلاڑیوں کے لیے مختلف کھیلوں کے ایونٹس ترتیب دئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات یونیورسٹی کے کیمپسز میں ایک باقاعدہ خصوصیت ہوں گی۔پیرا پلیئرز نے منتظمین بالخصوص وائس چانسلر کا انہیں ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور وی سی سے مستقبل میں اس طرح کے مزید ایونٹس منعقد کرنے کی درخواست کی۔