سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ریاستی درجہ کی بحالی، نوکریوں اور اراضی کے جامع ڈومیسائل قوانین کے علاوہ جموں وکشمیر کے سبھی خطوں اور ذیلی علاقوں کی ہمہ جہت اور یکساں ترقی پارٹی کا اہم ایجنڈا ہے۔ الطاف بخاری نے چاڈورہ علاقہ میں عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔ بخاری نے کہاکہ جذباتی سیاست کا دورہ ختم ہوگیا ہے اب لوگوں کو یہ احساس ہوگیا ہے کہ دہائیوں سے جموں وکشمیر میں اقتدار میں بنی رہیں، سیاسی جماعتوں نے اُن کا استحصال کیا ہے۔ انہوں نے کہا’’ جموں وکشمیر پر دہائیوں تک حکومت کرنے والی سیاسی جماعتوں کی عدم توجہی اور لاپرواہی، جوکہ ترقی گراف کو بہتر بنانے میں ناکام رہی ہیں، کو دیکھتے ہوئے اپنی پارٹی زمینی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کی من وعن عمل آوری کا عہد کرتی ہے‘‘بخاری نے کہاکہ جموں وکشمیر کے سبھی خطوں اور ذیلی علاقوں، قصبہ جات اور دیہات میں ترقی کا فقدان ہے جوکہ سیاسی جماعتوں کے استحصال کا شکار ہوئے اور بدقسمتی سے لوگوں کو بیوقوف بنانے کے لئے جھوٹے اور گمراہ کن وعدے کئے گئے اور جذباتی سیاست کی گئی۔ انہوں نے کہا’’ ضلع ترقیاتی انتخابات خالص ضلع کی جامع ترقی کے لئے ہیں اور اِس سے کوئی سیاسی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔اپنی پارٹی کو جموں وکشمیر کی عوام کے لئے قابل اعتماد سیاسی پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے بخاری نے عوام کی سماجی ، معاشی اور سیاسی خواہشات کا یقین دلانا اور بڑے پیمانے پر ترقی کرنا جموں و کشمیر کو امن و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی کلید ہے۔ پارٹی نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے کہاکہ ’’علاقائی سیاسی جماعتیں شاہد جموں وکشمیر کے لئے کچھ اقتصادی پیکیج لانے میں کامیاب رہی ہوں لیکن سیاسی محاز پر وہ مکمل ناکام رہی ہیں جس وجہ سے وقتاًفوقتاً جموں وکشمیر کی عوام کو بے اختیار بنایاگیا۔ ان جماعتوں نے عوام کے حقوق جو انہیں آئین کے تحت ملے تھے، کو اقتدار میں بنے رہنے کے لئے سرینڈر کر دیا۔ محمد اشرف میر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی نے 5اگست2019کے فیصلے کو آسانی سے نہیں لیا لیکن پارٹی کایہ ماننا ہے کہ اس فیصلے کو صرف پارلیمنٹ یا سرپریم کورٹ ہی واپس کر سکتی ہے۔
جذباتی نہیں عملی سیاست پارٹی کا اہم ایجنڈا
