سرینگر//وزیر برائے اطلاعات ، خوراک ، شہری رسادات و امور صارفین چودھری ذوالفقار علی نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا اور محکمہ کے کام کاج میں تخلیقیت کو فروغ دینے کیلئے معقول اقدامات کرنے کیلئے کہا ۔محکمہ اطلاعات کی جائیزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ کو تخلیقی کام میں اضافہ کرنا ہو گا تا کہ حکومت کی حصولیابیوں کو پیشہ وارانہ طریقہ کار سے اجاگر کیا جاسکے ۔اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ کو اپنے تمام شعبوں کو متحرک کرنا ہو گا اور اپنے کام کاج کو مو¿ثر بنانے کیلئے جدیدٹیکنالوجی کو استعمال میں لانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن گئے جب لوگ ایک ہی وسیلہ سے اطلاعات حاصل کرتے تھے اب لوگوں کے پاس مختلف ذرائع دستیاب ہیں جن میں آن لائن نیوز پورٹل ، موبائیل ٹی وی چینلیں ، سوشل میڈیا بشمول فیس بُک اور ٹویٹر شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہترین بات یہ ہے کہ اب لوگوں کو جدید اطلاعات آنِ واحد میں صرف اپنے موبائیل کا بٹن دبا کر حاصل ہوتی ہے ۔ وزیر نے کہا کہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے محکمہ اطلاعات کو جدید ترین ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا ہی ہو گا ۔وزیر کو بتایا گیا کہ ریاست کے تمام کابینہ وزراءکے ٹویٹر ہینڈلز کو چالو کیا گیا ہے اور وزراءکی تازہ ترین سرگرمیوں کی تفصیل ان ہینڈلز کے ذریعے عوام تک پہنچائی جاتی ہےں ۔ ذوالفقار علی نے محکمہ کی نیوز پورٹل اور ایڈورٹائیزمنٹ پورٹل کی تازہ ترین تفاصیل عوام تک پہنچانے کیلئے عملے کی خدمات وقف رکھنے کی ہدایت دی ۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو مختلف مرکزی سکیموں پر عمل درآمد کرنے والے ریاستی محکموں کو ان سکیموں کے بجٹ میں سے کچھ فیصد محکمہ اطلاعات کو سکیموں کی افادیت و اہمیت کو اُجاگر کرنے کیلئے فراہم کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ مرتب کرنے کی ہدایت دی تا کہ ریاست کے طول و عرض میں ان سکیموں سے متعلق جانکاری عوام تک پہنچائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تیار ہوتے ہی منصوبہ وزیر اعلیٰ کی منظوری کیلئے اُن کے دفتر کو بھیج دیا جائے گا ۔ میٹنگ میں محکمہ کی تنظیم نو اور بھرتی قواعد و ضوابط پر بھی غور و خوض ہوا ۔ تنظیم نو عمل میں سرعت لانے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ دیگر معاملات کے علاوہ محکمہ کو ایک معقول تنظیمی چارٹ مرتب کرنے کیلئے کہا تا کہ محکمہ کے اندر نظامِ مراتب واضح ہو سکے ۔ وزیر نے سیکرٹری اطلاعات کو محکمہ کے قواعد و ضوابط کے مطابق خالی پڑی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے فوری طور بھرتی بورڈ کے ساتھ معاملہ اٹھانے کیلئے کہا ۔ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ محکمہ کے ترقیاتی پروگرام عکس پرواز کو محکمہ کے اندر ہی ترتیب دیا جائے گا ۔ ناظمِ اطلاعات نے وزیر کو یقین دلایا کہ محکمہ نہ صرف پروگرام کے معیار کو بلند کرے گا بلکہ موجودہ بجٹ میں ہی پروگرام کی رسائی کو بڑھا کر حکومت کی جانب سے ریاست میں اٹھائے جا رہے ترقیاتی اقدامات کو اجاگر کیا جائے گا ۔ چودھری ذوالفقار علی نے ریاست کے جموں اور کشمیر صوبوں میں اعلیحدہ اعلیحدہ ثقافتی میلوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ فیصلے کے تحت جموں میں میلہ ماہ اگست جبکہ وادی میں امسال ثقافتی میلہ ماہ ستمبر میں منعقد کیا جائے گا ۔ وزیر نے محکمہ کے ریفرنس اینڈ ریسرچ شعبے کیلئے مناسب جگہ کی فراہمی کیلئے منصوبہ پیش کرنے کیلئے کہا تا کہ نایاب کُتب ، جرائد اور اخبارات کو بہتر طور محققین کیلئے محفوظ رکھا جا سکے ۔ دورانِ میٹنگ جرنلسٹ ویلفئیر سکیم پر بھی بات چیت ہوئی ۔ وزیر کو بتایا گیا کہ سکیم کی ترتیب انتہائی مراحل میں ہے اور عنقریب مشتہر کی جائے گی ۔ میٹنگ میں سیکرٹری محکمہ اطلاعات ایم ایچ ملک ، ناظمِ اطلاعات منیر السلام ، جوائنٹ ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر عبدالمجید زرگر ، جوائنٹ ڈائریکٹر کشمیر ڈویژن ظہور احمد میر ، جوائنٹ ڈائریکٹر صوبہ جموں منیشا سرین ، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر شیخ ظہور ، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر صوبہ کشمیر فاروق احمد بابا اور ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر صوبہ جموں اولین کور موجود تھیں ۔ بعد میں چھوٹے اور متوسطہ درجے کے اخبارات کے ایڈیٹروں اور رپورٹروں کا ایک وفد وزیر سے ملاقی ہوا اور اُن کے ساتھ مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر نے انہیں بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے انہیں ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا ۔
جدید تکنیک بروئے کار لا کر محکمہ اطلاعات کو فروغ حاصل ہو گا: ذوالفقار علی
