جاپان کاامریکہ کوپیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کااعلان

یواین آئی

ٹوکیو// جاپان نے امریکہ کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کے لیے ملک میں اسلحے کی برآمد پر پابندیاں میں نرمی اور اپنے دفاعی بجٹ میں 56 ارب ڈالرز کا اضافہ کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جاپان کی جانب سے ایک دہائی کے دوران اہم پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا، اس فیصلے سے روس اور جاپان کے تعلقات میں سرد مہری پیدا ہوسکتی ہے، یوکرین جنگ کے باعث متعدد ممالک روس سے دوری اختیار کر رہے ہیں۔جاپان نے روس سے جنگ میں یوکرین کی مدد کی خاطر امریکہ کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔نئے اقدامات میں اب بھی جاپان ان ممالک کو ہتھیار نہیں بھیج سکتا جو جنگ جیسی صورتحال میں ہیں لیکن نئی پالیسی سے امریکہ کو یوکرین کو روس کے خلاف جنگ میں اضافی فوجی امداد فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔جاپان کے چیف کابینہ سکریٹری یوشیماسا حیاشی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’یہ فیصلے جاپان-امریکہ اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے لحاظ سے اہم ہے، یہ نہ صرف جاپان کی سلامتی بلکہ ہند-بحرالکاہل خطے کے امن اور استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔‘پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم ان ہتھیاروں میں سے ایک ہے جو مغرب کی طرف سے یوکرین کو فراہم کیے جاتے ہیں۔