جامع مسجد گنڈ کی توڑ پھوڑ اور نقب زنی میں ملوث شخص گرفتار

  کنگن//پولیس نے جمعرات کی شب مرکزی جامع مسجد گنڈ میں پیش آئے نقب زنی کی واردات میں ملوث ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لانے کا دعویٰ کیا ہے۔ تحصیل گنڈ کی مرکزی جامع مسجد میں چار روز قبل دوران شب مسجد کی سیف توڑنے کی کوشش کی گئی تھی اورنقب زنی کی اس واردات کے دوران جامع مسجد میں نصب سی سی ٹی وی اور ایل سی ڈی اڑالیا گیاتھاجبکہ دیگر ساز و سامان کی توڑ پھوڑ کی تھی ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرلیا تھا اور تحقیقات شروع کی تھی۔ایس ایچ او گنڈ منظور حسین میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تحقیقات کے دوران انہیں  گجر پتی گنڈکے لوگوں نے مطلع کیا کہ اُن کے علاقہ میں ایک مشتبہ شخص گھوم رہا ہے اورپولیس کی ایک ٹیم وہاں روانہ کی گئی۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ جوں ہی مذکورہ شخص نے پولیس کو دیکھا تو اُس نے بھاگنے کی کوشش کی اور پولیس اہلکاروں پر حملہ بھی کیا جس کی وجہ سے ایک اہلکار معمولی طور زخمی ہوگیا تاہم پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ ایس ایچ او نے مزیدکہا کہ ظہور احمد یتو ولد ثناء اللہ یتو ساکنہ یچہامہ کنگن نامی اس شخص نے دوران تفتیش اس بات کا اعتراف کیا کہ اُس نے ہی جامع مسجد شریف کے سازو سامان کی توڑ پھوڑ کی تھی ۔مذکورہ شخص سے جامع مسجد سے چوری کئے گئے ٹی وی کوبھی بر آمد کیا گیا۔