جامع مسجد کے باہر 10گرفتار: پولیس

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//سرینگر پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ جمعہ کی نماز کے بعد سرینگر کے نوہٹہ علاقے میں واقع جامع مسجد کے باہر پرامن ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والے10 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ایکس، (سابقہ ٹویٹر)کی ایک پوسٹ میں، پولیس نے کہا کہ ان کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔پولیس نے کہا، ” نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد کے باہر پرامن ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والے 10 شر پسندوں کو گرفتار کیا گیااور ان کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

 

 

پولیس نے کہا’’ عوام سے گزارش ہے کہ ایسی حرکتوں میں ملوث نہ ہوں، ایسا نہ کرنے پر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا،” ۔ واضح رہے کہ میر واعظ عمر فاروق کی چار سال بعد خانہ نظر بندی ختم کرنے کے بعد انہوں نے جامع مسجد میں خطبہ کے دوران لوگوں سے اپیل کی تھی کہ نماز کے بعد وہ پر امن طور پر منتشر ہوجائیں۔لیکن چند لوگوں نے جامع مسجد کے باہر کچھ دیر تک نعرے بازی کی۔