جامع مسجد سرینگر کی دیدہ زیبی ،صوبائی کمشنر نے پروجیکٹ کاجائزہ لیا

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل ایک میٹنگ کے دوران جامع مسجد سرینگر کی دیدہ زیبی کے لئے دردست لئے گئے پروجیکٹوں کے کام کاجائزہ لیا۔انہوںنے یہ پروجیکٹ وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے جامع مسجد پروجیکٹ کو انتہائی اہم قراردیتے ہوئے اس قومی ورثے کو ہر سطح پر تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ناظم سیاحت نے کہا کہ 4کروڑ92لاکھ روپے لاگت والے پروجیکٹ پر اب تک 3کروڑ93لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی کو جامع مسجد کے گردونواح میں ڈرین کاجائزہ لینے کی تلقین کی۔انہوں نے شہر میں پالیتھین مخالف مہم میںتیزی لانے کی ہدایت دی۔ادھر صوبائی کمشنر کشمیر نے پارمپورہ سے جہانگیر چوک تک پبلک ٹرانسپورٹ کی سست رفتاری کی شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایک اور علیحدہ میٹنگ میں متعلقین کو ضروری ہدایات دیں۔صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ اس روٹ پر190مسافرگاڑیاں چلتی ہیں،تاہم گاڑیوں کی سست رفتاری کی وجہ سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی رفتار کی GPSکے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔انہوںنے مزید کہا کہ اس روٹ پرGPSکی کامیابی کے بعد اس کو مزید روٹوں پر نصب کیا جائے گا۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ ٹریفک نظام میں بہتر کے لئے مسافر گاڑیوں کو کلر کوڈ دیا جائے گا۔