ڈوڈہ// قومی کونسل برائے فروغِ اُردو زبان نئی دہلی کے تعاون سے غنیۃ العلوم خیراتی ٹرسٹ اخیار پور کی طرف جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور میں ایک کمپیوٹر انسٹی چیوٹ کھولا گیاہے جہاں خواہشمند طلباء و طالبات کو ایک سالہ ڈپلومہ کورس کروایا جائے گا۔ ’غنیۃ العلوم انسٹی چیوٹ آف کمپیوٹر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ‘کے نام سے اس کمپیوٹر انسٹی چیوٹ کا افتتاح ایس ڈی ایم گندو چوہدری دل میر اور مہتمم جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور اور غنیۃ العلوم خیراتی ٹرسٹ الحاج برہان القادر غنی پوری نے کیا۔اس موقع پر انسٹی چیوٹ کے انچارج اور جامعہ غنیۃ العلوم کے ناظمِ تعلیم الحاج غلام نبی وانی، جامعہ غنیۃ العلوم کے ناظمِ کفاف اوروائس پرنسپل گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول جکیاس محمد شفیع بٹ،غنیۃ العلوم اخیار پور کے ناظمِ نشر و اشاعت عبدالغنی متو، ناظمِ مطبخ محمد اسلم ملک، جامع مسجد اخیارپور کے تعمیری سیکریٹری اسحٰق رشید ملک، بزرگ شاعر شمس الدین شمس ، سابق سرپنچ مسرت حسین نیائک، یونس رشید، لیاقت علی شیخ ، الطاف حسین ملک ، جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور کے دیگر ذمہ داران اور کارکنان لوگوں کی بھاری تعداد بھی موجود تھی۔ایس ڈی ایم گندو نے کمپیوٹر تعلیم کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ آنے والادور کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا دور ہے اور اس قسم کے کمپیوٹر انسٹی چیوٹ کی اس علاقہ اور خصوصاً جامعہ غنیۃ العلوم میں شدید ضرورت تھی جہاں ریاست کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء زیرِ تعلیم ہیں۔اُنہوں نے علاقہ کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی کہ اُن کے بچے گھر بیٹھے کمپیوٹر کی تعلیم سے روشناس ہوں گے ۔ اُنہوں نے جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور کے ذ مہ داران کی محنت اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مرحوم الحاج غلام قادر غنی پوری کے قائم کردہ ادارے کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے قابلِ ستائش کردار ادا کر رہے ہیں اوراُنہوں نے اُن تمام خدشات کو رفع کیا ہے جو الحاج غنی پوری ؒ کی وفات سے لوگوں میں پیدا ہوئے تھے۔اس سے قبل الحاج غلام نبی وانی نے انسٹی چیوٹ میں داخلے اور اس میں کروائے جانے والے کورسز کے بارے میںسامعین کو معلومات فراہم کیں۔محمد شفیع بٹ،اسحٰق رشید ملک،یونس رشید ملک،لیاقت علی شیخ،الطاف حسین ملک و دیگران نے بھی اس موقع پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔محمد اسلم ملک نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔
جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور میں کمپیوٹر انسٹی چیوٹ کا افتتاح
