اشتیاق ملک
ڈوڈہ //صوبہ جموں کے معروف تعلیمی ادارہ جامعہ غنیۃالعلوم اخیار پور جکیاس میں مولانا آزاد نیشنل اُرودو یونیورسٹی کے فاصلاتی تعلیمی مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا افتتاح گزشتہ پیر کو یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالغنی پونچھی نے کیا ۔یونیورسٹی کے سیکشن آفیسر سُدھیر لانگا بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر جامعہ غنیۃالعلوم اخیار پور کے مہتمم الحاج برھان الحق غنی پوری،ناظمِ کفاف جامعہ محمد شفیع بٹ ریٹائرڈ لیکچرار ، ناظمِ تعلیمات جامعہ الحاج غلام نبی وانی،صدر مدرس و شیخ الحدیث جامعہ مفتی شبیر احمد،نائب صدر مدرس بشیر احمد لون اورہیڈماسٹر ہائی اسکول غنیۃ العلوم اخیار پور کے علاوہ جامعہ کے تدریسی اور غیر تدرسی عملہ کے اراکین ،طلبائے جامعہ اور علاقہ کے معززین بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالغنی نے مہتمم اور دیگر اراکینِ جامعہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد یونیورسٹی کے فاصلاتی تعلیمی مرکز کے قیام سے یہاں کے نوجوانوں خصوصاً جامعہ میں دینی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کا جدید عصری تعلیم حاصل کرنے کا خواب شرمندۂ تعمیر ہو گا اور اُن کو زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہتمم جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور الحاج برھان الحق غنی پوری نے جامعہ غنیۃالعلوم کے مولانا آزاد یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کی منظوری پر یونیورسٹی حکام اور ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالغنی کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالغنی نے اس سلسلہ میں جو کردار ادا کیا ہے اُس کے لئے ہم اُن کے شکر گزار ہیں اور یہ سب اُن کی محنتوں اور کاوشوں سے ہی ممکن ہو سکا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جامعہ میں مولانا آزاد یونیورسٹی کے فاصلاتی مرکز کا قیام ایک دیرینہ خواب تھا جو آج شرمندۂ تعمیر ہوا ہے اور اس مرکز کا قیام جامعہ غنیۃ العلوم کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جامعہ غنیۃالعلوم نے اپنے قیام سے لے کر اب تک ترقی کی بہت ساری منازل طے کی ہیں اور اسے ترقی کی نئی منازل سے ہمکنار کروانے کے لئے ہماری محنت اور جدو جہد جاری رہے ۔