جامعہ جموں کی گولڈن جوبلی تقریبات شروع

جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے معروف ڈائریکٹر اور شاعر و ادیب گلزار صاحب کی موجودگی میں ایک ثقافتی پروگرام جشنِ گلزار کا افتتاح کیا ۔ اس پروگرام کا انعقاد شعبہ اردو اور ڈین سٹوڈنٹ ویلفئیر یونیورسٹی آف جموں نے جموں یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر کیا ہے ۔ وی سی جموں یونیورسٹی پروفیسر منوج کے دھر ، پروفیسر اور کنیڈا کے اردو مصنف ڈاکٹر تکی آبدی ، شعبہ اردو کے سربراہ پروفیسر شہاب عنائت ملک ، ڈین سٹوڈنٹ ویلفئیر پروفیسر ایس ایس جموال ، ناظم اطلاعات گلزار احمد ڈار ، رجسٹرار جموں یونیورسٹی میناکشی کلم ، کئی دیگر اہم شخصیات کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کافی تعداد میں مصنف ، شعراء اور دانشور بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام ابھرتے ہوئے ادیبوں اور شعراء کو اپنی صلاحتیں منوانے کا بہترین موقعہ فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے بالی وُڈ میں گلزار صاحب کے رول کو اجاگر کیا اور کہا کہ انہوں نے کئی فلموں میں اپنی بے مثال شاعری سے چار چاند لگائے ۔ انہوں نے کہا کہ گلزار صاحب ایک معروف نام ہیں اور وہ گنگا جمنی تہذیب کے سفیر ہیں ۔ مشیر نے اردو زبان کو مزید فروغ دینے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ زبان بھارت میں پیدا ہوئی ہے اور یہ ہر اعتبار اور ہر معیار سے ایک بھارتی زبان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم او ایچ آر ڈی نے این سی پی یو ایل قایم کیا ہے اور یہ اردو زبان کو فروغ دینے کیلئے یونیورسٹیوں کو برابر تعاون فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اردو زبان کو تقویت بخشنے کیلئے تمام لازم،ی اقدامات کر رہی ہے ۔ خورشید گنائی نے اس طرح کے پروگرام  منعقد کرنے کیلئے جموں یونیورسٹی کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کئے جانے چاہئیں ۔ معروف بالی وُڈ شخصیت گلزار نے اس موقعہ پر اپنا کلام پیش کیا جس سے سامین کافی محضوظ ہوئے ۔ ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شعراء کرام اور محکمہ اطلاعات کے فنکاروں نے اس پروگرام میں شرکت کی اور اپنی فنکاری سے سامین کو محضوظ کیا ۔ شریک ہونے والے شعراء میں خوشبیر سنگھ شاد ، مکیش عالم ، عادل فرحت، جیون شرما اور درمیش نرگوترہ بھی شامل تھے ۔