شاہد ٹاک
شوپیان //بڈی گام گائوں میں انکاؤنٹرکے مقام کی طرف تیز رفتاری سے جاتے ہوئے فوج کی ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میںتین فوجی اہلکار ہلاک اور 5 دیگر زخمی ہو گئے۔یہ حادثہ شوپیان عید گاہ کے قریب کنی پورہ پل کے قریب پیش آیا۔چوگام شوپیان میں 44آر آر کیمپ سے وابستہ اہلکار ایک پرائیویٹ ٹاٹا سومو زیر نمبر JK03A/7283میں انکوانٹر کے مقام کی طرف جارہے تھے تو کیمپ سے نکلنے کے بعد سڑک پر بارش کی وجہ سے پھسلن کے باعث ڈرائیور نے بظاہر گاڑی پر کنٹرول کھو دیا اور وہ سڑک سے بائیں جانب لڑھک گئی۔ایک دفاعی ترجمان نے کہا کہ8 زخمی فوجیوں کو ضلع ہسپتال شوپیاں منتقل کیا گیا جہاں پہنچنے پر ان میں سے دو کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا، ’’ایک فوجی کو معمولی چوٹیں آئی تھیں اور اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا تھا،‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’پانچ دیگر زخمی فوجیوں کو 92 بیس ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا، جہاں تیسرا فوجی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔‘‘مہلوک فوجیوں کی شناخت JCOسب سریوم حوالدار رام اوتار اور سپاہی پون گوتم کے بطور ہوئی ہے۔ چار فوجی اس وقت 92 بیس ہسپتال میں ہیں اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔پولیس نے کہا، “دراصل ایک ٹاٹا سومو 44 آر آر چوگام کیمپ سے فوجیوں کو بڈیگام شوپیان میں انکاؤنٹر کی جگہ پر لے کر جا رہی تھی۔ ڈرائیور کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور وہ سڑک سے پھسل گئی۔ جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔