ثقلین طارق کی ملکی سینئر والی بال ٹیم میں شمولیت

پونچھ//شہید منجیت سنگھ میموریل والی بال کلب پونچھ کی جانب سے ڈگری کالج گرونڈ پونچھ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں پرنسپل ہائر سکینڈری سکول ساوجیاں و انچارج زونل ایجوکیشن آفیسر ننگالی زون انور خان مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔اس دوران پونچھ کے معروف والی بال کھلاڑی ثقلین طارق خان کے ہندوستان کی سینئر والی بال ٹیم میں شمولیت پر جشن منا کر شرکاء نے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر بولتے ہوئے شہید منجیت سنگھ میموریل والی بال کلب پونچھ کے چیئرمین طارق خان نے کہا کہ وہ پونچھ کی تمام عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ثقلین طارق شہید منجیت سنگھ کلب کے ایک اہم کھلاڑی رہ چکے ہیں جنھوں نے پہلے بھی ہندوستان کی جونیئر والی بال ٹیم کی مختلف ممالک میںقیادت کی ہے اب وہ ایشین گیمز جو کہ چاپان کے ٹوکیو میں منعقد ہونے جارہی ہے اس میں ہندوستان کی سینئر ٹیم میں شامل ہوکر جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پونچھ کے لئے یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ اس پچھڑے ہوئے ضلع سے پورے ہندوستان کے لاکھوں کھلاڑیوں میں سے یہاں کے نوجوان کو شامل کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ سلیکشن کمیٹی کو مبارک باد دیتے ہیں کہ جنہوں نے بالکل صحیح انتخاب کیا ہے۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی انور خان، پردیپ کھنہ، مولوی فرید اور دیگر معزز شہریوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ثقلین طارق اور شہید منجیت سنگھ والی وال کلب کے چئیرمین اوردیگر تمام ممبران کو مبارک باد پیش کی۔اس دوران کیک کاٹا گیا اور کھلاڑیوں میں مٹھائی اور والی بال تقسیم کئے گئے۔