ثقافتی تاریخ کو نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت پر مشیرشرما کا زور

سر ی نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے مقامی ثقافتی تاریخ نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔مشیر ہارون میںبودھ آثار یہ قدیمہ کے دورے کے دوران افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے تھے۔اُن کے ہمراہ آرکیولاجی سروے آف اِنڈیا ، سیاحت اور دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران تھے۔یہ آثارِ قدیمہ چوتھی صدی میں کشان بادشاہ کنشک کے زمانے کے ہیں اور برصغیر ہند میں بودھ دھرم کے ماہیان مکتبہ فکر کی تشکیل سے متعلق غور و خوض اس مقام پر ہوا تھااور اسی مقام پر دیگر بودھ صحیفے لکھے گئے ۔اس مقا م کی دیکھ ریکھ  آرکیولاجی سروے آف اِنڈیاکر رہا ہے۔مشیر نے مقامی تاریخ کی درس و تدریس کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی شاندار روایات اور ثقافتی ورثے کے بارے میں جانکاری رکھنا لازمی ہے ۔اس سے اُن میں اپنے شاندار ماضی پر فخر کا احساس ہوگا۔مشیر نے محکمہ سیاحت کے افسروں کو اس مقام کو ایک بڑے پلگرم سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لئے آرکیولاجی سروے آف اِنڈیاکے اشتراک سے جامع منصوبہ مرتب کرنے کے لئے کہا۔مشیر موصوف نے افسروں کو اس تاریخی مقام تک جانے والی سڑک کی تجدید و مرمت کا کام ہاتھ میں لینے اور اس مقام کی تاریخی اہمیت سے متعلق سائین بورڈ نصب کرنے کے لئے کہا۔اُنہوں نے اس تاریخی مقام کے احاطے کو محکمہ پھولبانی کے صلاح و مشورہ سے ترقی دینے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی۔