تھنہ منڈی // مہاتما گاندھی نریگا اسکیم کے تحت کا م کرنے والے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا ۔ان کاکہناتھاکہ انہیں تین سال سے تنخواہیں نہیں دی گئیںجس کیو جہ سے وہ مالی تنگدستی کاشکا رہیں۔تھنہ منڈی میں کام کررہے گرام روزگار سیوک ، ڈاٹا آپریٹرز اور ٹیکنیکل اسسٹنوں نے گزشتہ تین سال سے تنخواہ نہ ملنے پر دفتر کے احاطہ میں منگلوار کے روز احتجاجی دھرنا دیا اور نعرہ بازی کی۔ ان عارضی ملازمین نے الزام عائد کیاکہ بلاک تھنہ منڈی میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کو گزشتہ تین سال سے تنخواہ فراہم نہ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاک تھنہ منڈی کے ڈیولپمنٹ آفیسر اور اکائونٹنٹ کی لاپرواہی کی وجہ سے تھنہ منڈی بلاک کے گرام روزگار سیوک،ڈاٹا آپریٹروں اور ٹیکنیکل اسسٹنٹوں کے کھاتوں میں تنخواہیں منتقل نہیںہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع کے دیگر 18 بلاکوں کے ملازمین کے بنک کھاتوں میں تنخواہیں منتقل ہوگئی ہیںجبکہ بلاک تھنہ منڈی، بلاک خواس اور بلاک پلانگڑھ کا قضیہ حل نہ ہوسکاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ رات دن کام کرتے ہیں اور مرکزی اور ریاستی اسکیموں کو کامیاب بناتے ہیں لیکن انکو اپنا حق نہیں دیا جارہا۔احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان ختم ہونے میں صرف ایک عشرہ باقی ہے اورانہیں امید تھی کہ عید سے قبل تنخواہیں دی جائیںگی لیکن ٹال مٹول سے کام کیاجارہاہے ۔انہوںنے بی ڈی او کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے متنبہ کیاکہ تنخواہیں واگزار نہ ہونے پر وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریںگے ۔ ملازمین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کے مسائل حل کئے جائیںبلاک ڈیولپمنٹ آفیسر تھنہ منڈی محمد قاسم چوہدری نے اس بات کی تصدیق کی کہ بلاک تھنہ منڈی کے گرام روزگار سیوک، ٹیکنیکل اسسٹنٹوں اور ڈاٹا آپریٹروں کی 51 لاکھ روپے تنخواہ بقا یاہے جو اس سے قبل تعینات ہونے والے افسران نے انہیں ادا نہیں کی ۔تاہم انہوںنے کہاکہ بہت جلد یہ تنخواہیں انہیں واگزار کردی جائے گی۔