سرینگر //بھارتیہ جنتاپارتی کے قومی جنرل سیکریٹری رام مادھو نے اُمید ظاہر کی ہے کہ تین سابق وزرائے اعلیٰ کو دیر یا سویر رہا کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اگر چہ لوگ اُن کی رہائی پر عد م دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں تاہم بھاجپا کسی بھی لیڈر کو نظر بند رکھنا نہیں چاہتی ہے ۔مادھو نے بتایا کہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان پروپگنڈا کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ لوک سبھا کی 542نشستوں میں کشمیر کی صرف 3نشستیں ہیں جن میں دو پارلیمانی سیٹوں میں امن و امان قائم ہے تاہم صرف ایک پارلیمانی نشست، اننت ناگ کے تین اضلاع میں ہی وقتاً فوقتاً ملی ٹنسی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں اس لئے جو بھی اس کو پورے کشمیر کی صورتحال سے جوڑتے ہیں وہ صحیح نہیں ہیں ۔ بھاجپا جنرل سیکریٹری ایک انگریزی نیوز چینل کی سالانہ تقریب پر تقریر کرتے ہوئے نے جموںوکشمیر کی صورتحال پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ 370کی تنسیخ کو اب سات ماہ پورے ہوئے ہیں تاہم اس دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقع رونما نہیں ہوا۔ انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیر تنظیم نو ایکٹ کے بعد پاکستان نے اس پر واویلا کرنا شروع کیا اور مختلف بین الاقوامی فورموں میں پروپگنڈ ا کرنے کی کوشش کی تاہم بھارت کی مرکزی حکومت نے پہلی دفعہ غیر ملکی سفرا کو کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دی جنہوں نے وہاں کی صورتحال کا بچشم خودجائزہ لیا ۔ وادی میں انسانی حقوق کی پامالیاں وقوع پذیر ہونے کے بارے میں رام مادھو نے کہاکہ کشمیر میں کسی بھی جگہ انسانی حقوق کی پامالیاں نہیں ہو رہی ہیں ۔نظر بند تین سابق وزرائے اعلیٰ کی رہائی کے بارے میں بھاجپا جنرل سیکریٹری نے کہاکہ دیر یا سویر سبھی نظر بندوں کو رہا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے لوگ تین سابق وزرائے اعلیٰ کی رہائی پر عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیںتاہم جموںوکشمیر میں سبھی لیڈران کو عنقریب رہا کیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھاجپا کسی کو نظر بند نہیں رکھنا چاہتی ہے۔
تین سابق وزرائے اعلیٰ کو دیر سویر رہا کیا جائیگا : مادھو
