ڈوڈہ //جموں و کشمیر میں اگلی حکومت بی جے پی کی ہو گی، نریندر مودی کی قیادت میں ملک کے ساتھ ساتھ یو ٹی میں بی 'سب کا ساتھ، سب کا وشواس و سب کا وکاس' ہورہا ہے،نیشنل کانفرنس، کانگریس و پی ڈی پی نے دہائیوں تک جموں و کشمیر میں کنبہ پروری و لوٹ کھسوٹ کرکے عوام کا استحصال کیا۔ ان باتوں کا اظہار بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری ترن چگ و پارٹی کے صدر رویندر رینہ نے ڈوڈہ میں منعقد ایک روزہ کنونشن سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق وزراء سنیل شرما، شکتی راج پریہار، دیویندر سنگھ رانا، سابق ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار ،ڈی ڈی سی کونسل چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل،ضلع صدر سوامی راج شرما،طارق حسین کین کے علاوہ ڈی ڈی سی و بی ڈی سی چیئرپرسن، پنچائتی اراکین ،ضلع ،بلاک و بوتھ سطح کے کارکنوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ ایک روزہ کنونشن کا آغاز ڈاک بنگلہ ڈوڈہ سے ریلی کی شکل میں کیا گیا جو بس اسٹینڈ میں اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر بولتے ہوئے قومی جنرل سیکرٹری ترن چگ نے مودی حکومت کی حصولیابیوں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ جہاں آیوشمان بھارت اسکیم کا قیام عمل میں لا کر ملک کے ہر طبقہ، فرقہ و ذات سے تعلق رکھنے والے لاکھوں لوگوں کا مفت علاج ہورہا ہے وہیں دیگر سینکڑوں فلاحی اسکیموں کو بھی زمینی سطح پر لاگو کیا گیا۔انہوں نے وی ڈی سی ممبران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے تین دہائیوں سے جس بہادری سے انہوں نے ملی ٹینسی کا مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا انہیں یاد رکھا جائے گا۔چگ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تین خاندانوں نے پچھلے ستر سال سے استحصال کیا جس کے لئے عبداللہ خاندان، مفتی خاندان و گاندھی خاندان برابر کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 و 35اے کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔ بی جے پی یوٹی کے صدر رویندر رینہ نے وزیر اعظم مودی کا نعرہ 'سب کا ساتھ، سب کا وشواس و سب کا وکاس' کو دہراتے ہوئے کہا کہ بھاجپا سرکار بھید بھاؤ، فرقہ واریت و علاقائی بنیادوں سے بالا تر ہو کر ہر ذات و طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو واضح اکثریت حاصل ہوگی اور بھاجپا سے ہی وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے زمینی سطح پر جاکر حکومت کی کارکردگی و فلاحی اسکیموں کی عمل آوری کو یقینی بنانے پر زور اس دوران پارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری ترن چگ و یوٹی کے صدر رویندر رینہ نے دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں ضلع، بلاک و بوتھ سطح کے ورکروں کی میٹنگ منعقد کرکے تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔