تیز رفتار گاڑ ی تلے آکر 7سالہ بچہ لقمہ اجل | مقامی لوگوں نے اڑی سڑک بند کر کے احتجاج کیا

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے اڑی علاقہ میں ایک 7سالہ بچہ تیز رفتار سکارپیو گاڑی کے نیچے آکر لقمہ اجل بن گیا جبکہ اہل خانہ ودیگر مکینوں نے سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کرتے ہوئے زبردست احتجاج کیا ۔بچے کی شناخت مبین خان ولد محمد شفیق سکنہ اڑی کے طورپر ہوئی ہے ۔اہل خانہ نے بتایا کہ بچے اپنی ماں اور دادا کے ہمراہ سڑک کے کنارے چل رہا تھا تاہم اس دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے بچے کو کچل ڈالا جبکہ مقامی لوگوں اور اہل خانہ نے اسی گاڑی میں بچے کو شدید زخمی حالت میں سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں تمام کاغذای کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا جبکہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ بھی درج کرلیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ڈرائیور کو گرفتار کرتے ہوئے گاڑی کو بھی ضبط کرلیا گیا ہے ۔اس دوران اہل خانہ و مکینوں نے انتظامیہ مخالف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ اڑی سڑک پر کوئی سپیڈ بریکر تعمیر نہیں ہے جبکہ پولیس اور ٹریفک حکام کی جانب سے گاڑیوں کی تیز رفتاری کے سلسلہ میں بھی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ نائب تحصیلدار اور ایس ایچ او کی مداخلت کے بعد سڑک پر ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ۔