تیز رفتار موٹر سائیکل کی زد میں آکر 4خواتین زخمی

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں ایک انتہائی تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے قصبہ میں 4خواتین کو ٹکر ما ر کر شدید زخمی کر دیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی نا اہلی و لاپرواہی کی وجہ سے مینڈھر میں موٹر سائیکل سواروں کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔گزشتہ روز ایک موٹر سائیکل سوار نے تیز رفتاری کی وجہ سے قصبہ میں زور دار ٹکر مارتے ہوئے 4خواتین کو زخمی کر کے راہ فرار اختیار کرلی ۔مکینوں نے بتایا کہ حادثے کے دوران کچھ مقامی افراد کی مدد سے موٹر سائیکل سوار فرار ہوگیا جبکہ اس دوران پولیس کی ایک پارٹی موقعہ پر پہنچی اور زخمی خواتین کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا جہاں سے ابتدائی علاج معالجہ کے بعد ہسپتال سے چھٹی کر دی گئی ۔زخمیوں کی شناخت بیگم بی (68) بیوی محمد شریف سکنہ کسبلاری، ریشم بی (65) بیوی لال حسین سکنہ آڑی، نسیمہ بی (55) بیوی محمد صادق اور شاہین اختر (50)سکنہ آڑی مینڈھرکے طورپر ہوئی ہے ۔اسی طرح منکوٹ کے اچھاد علاقہ میں ایک ٹاٹا موبائل حادثے کا شکار ہو گئی تاہم اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔پولیس نے ان واقعات کے سلسلہ میں کیس درج کر تے ہوئے مزید تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے ۔