تیزرفتار گاڑی نے ٹریفک اہلکار کو کچل ڈالا

راجوری //راجوری کے مراد پورعلاقے میں ایک تیزرفتار تویراگاڑی نے وہاں تعینات ٹریفک پولیس کے اہلکار کو کچل ڈالا جس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔شام کے پانچ بجے ٹریفک پولیس زون راجوری کی ایک ٹیم نے مراد پور میں ایک ناکہ لگایاہواتھا جس دوران تیزرفتار تویرا گاڑی زیر نمبرJK13D 0099جو جموںسے راجوری کی طرف آرہی تھی ،نے وہاں تعینات ٹریفک اہلکار محمد زبیر کو ٹکر ماردی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا۔اس واقعہ کے فوری بعد گاڑی ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ زخمی اہلکار کو اس کے ساتھیوں نے اٹھاکر ضلع ہسپتال راجوری پہنچایاجہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امدا ددینے کے بعد اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا اور پھر اس کی لاش واپس راجوری ہسپتال پہنچائی گئی جہاں قانونی لوازمات کے بعد اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے ورثاء کے حوالے کیاگیاہے ۔یہ اہلکار راجوری کا رہنے والاتھا۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ راجوری میں ایک کیس درج کرکے گاڑی کو ضبط کرلیاگیاہے جبکہ مفرور ڈرائیور کی تلاش کی جارہی ہے ۔