عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں ضلع میں پولیس نے بھوپندر سنگھ نامی ایک مفرور شخص کو گرفتار کیا ہے، جو قتل کے گھناؤنے جرائم (2021 کے تہرے قتل کیس) اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھا جس کے لیے اسے فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج جموںکی عدالت میں مقدمے کا سامنا ہے۔پولیس نے کہا کہ مقدمات کی تفتیش کی گئی اور ان کا چالان عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔پولیس نے ان مقدمات کی تفصیلات شیئر کیں ۔اس کے علاوہ پولیس نے بتایا کہ ملزم بھوپندر سنگھ پولیس اسٹیشن ارنیا کے مقدمہ ایف آئی آر نمبر 77/2021 میں ملوث تھا، جس میں اس نے دن دیہاڑے تین نوجوانوں کا تہرا قتل کیا تھا اور اس کے بعد این ڈی پی ایس اسمگلنگ کیس میں بھی اس کی شمولیت کا انکشاف ہوا تھا۔ تھانہ ارنیا کی 79/2021 اور تھانہ آر ایس پورہ کی ایف آئی آر 215/2021 جس کی تفتیش کی گئی اور ملزم بھوپندر سنگھ کے خلاف عدالت میں چالان کیا گیا۔مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم بھوپندر سنگھ کو عدالت نے ملزم کی بیوی کی بیماری کی بنیاد پر عبوری ضمانت دی تھی۔بعد ازاں، وہ عبوری ضمانت کی خلاف ورزی کرگئے اور عدالت نے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیا۔اس پر کارروائی کرتے ہوئے، ایک پولیس ٹیم تشکیل دی گئی اور مذکورہ ملزم کو پکڑنے کے لیے تعینات کیا گیا۔مسلسل کوششوں اور تکنیکی مدد کی مدد سے مذکورہ ملزم کو ارنیا پولیس نے گرفتار کرلیا۔