تھنہ منڈ ی میں یوم آزادی انتظامات کا جائزہ لیا گیا

 تھنہ منڈی// تحصیلدار تھنہ منڈی محمود ریاض خان نے یوم آزادی کی تقریب کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کا اہتمام کیا ۔اجلاس میںپینے کے پانی کی سہولت، حفاظتی انتظامات ، بیریکیڈنگ ، سجاوٹ ، بیٹھنے کے انتظامات ، میڈیا گیلری ، کوویڈ 19 ایس او پیز کے رہنما خطوط کے علاوہ دیگر انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے تحصیلدار موصوف نے تمام اَفسران پر زور دیا کہ وہ یوم آزادی کی تقریبات کے اِنتظامات کو پہلے سے بہتر بنانے کی ہرممکن کوشش کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ امسال 75 واں 15 اگست ایک خاص اہمیت کا حامل ہے اور اس لحاظ سے قوم اسے ’’آزادی کا امرت مہااْتسو‘‘ کے طور پر منارہی ہے۔ اْنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام اِداروں میں قومی ترانہ گانے اور قومی پرچم کشائی کی رسم کو یقینی بنائیں۔ اْنہوں نے کہا کہ اس اہم دن کو مناتے ہوئے ہر فردکیلئے ضروری ہے کہ وہ کووِڈ ایس او پیز اور پروٹوکول پر سختی سے عمل کرے۔ انھوں نے تمام لوگوں بالخصوص تمام ملازمین سے کہا کہ وہ جشن آزادی کی تقریب میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ یہ اہم تہوار وقار اور پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے۔ آفیسر موصوف نے انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حب الوطنی کے گیت مقابلہ اور دیگر کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے جو کہ 'آزادی کا امرت مہااتسو' سرگرمیوں کا حصہ ہیں تاکہ جیتنے والوں کو جشن آزادی کے موقع پر ان کے اعزاز میں انعامات کا اہتمام کیا جائے۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری نے کہا کہ کسی بھی قسم کی بھول چوک سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔اجلاس میں تحصیلدار تھنہ منڈی محمود ریاض خان ، نائب تحصیلدار قمر دین، ایس ایس او تھنہ منڈی فرید احمد چوہدری ، ڈگری کالج تھنہ منڈی کے پروفیسر ریاض نجار ، پرنسپل ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری اسکول تھنہ منڈی محمد صدیق گنائی اور ای او قاسم چوہدری کے علاوہ تمام محکمہ جات کے متعلقہ افسران اور ملازمین بھی موجود تھے۔