تھنہ منڈی کے بیگوناڑہ علاقے میں طویل ٹریفک جام

 تھنہ منڈی // ضلع راجوری کے سب ڈویژن تھنہ منڈی میں وارڈ نمبر ایک بیگوناڑہ کے نزدیک بھاری لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے تھنہ منڈی- بفلیاز سڑک صبح دس بجے سے مکمل بند ہو کر رہ گئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کے غیر ضروری کٹائی کی وجہ سے ایک علاقہ دھنس گیا جس کی زد میں لوگوں کی زمینوں کے ساتھ ساتھ ان کے رہائشی مکانات بھی آ گئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ اس علاقہ میں لینڈ سلائیڈنگ اور زمین دھنسنے کے بعد جہاں تھنہ منڈی – بفلیاز سڑک آمدو رفت کیلئے بند ہو گئی وہیں دوسری طرف شدید خطرے کے پیش نظر لوگوں کو بھی گھروں سے نکالنا پڑا تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔عوام نے کشمیر عظمیٰ کی وساطت سے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غریب عوام کی طرف توجہ دے تا کہ انکے جانی و مالی نقصان کا تحفظ ہو سکے۔ واضح رہے کہ تھنہ منڈی کے بیگوناڑہ علاقے میں جمعہ کی صبح دس بجے بھاری لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مزکورہ سڑک مکمل طور پر بند رہی۔ اس دوران خواتین و دیگر عام لوگ سامان اپنے سروں پر سامان اٹھا کر پیدل چلنے پرمجبور رہے جبکہ کئی ایک مسافر پورا گاڑیوں میں پھنس کر رہ گئے جن میں خواتین ، بیمار اور بچوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ مقامی لوگوں نے سڑک تعمیر کرنے والی دھرم راج تعمیراتی کمپنی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مغل روڈ دھرم راج تعمیراتی کمپنی نے سڑک کی غیر ضروری کٹائی کر کے سڑک کو تباہ کر دیا ہے اور سڑک مکمل طور سے تہس نہس ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرم راج کمپنی سڑک کی دیکھ ریکھ، ڈنگہ، نالی اور حفاظتی باندھ کیلئے ذمہ دار ہے لیکن مذکورہ کمپنی اس سلسلے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اس سڑک کا اکثر حصہ مقامی آبادی ، دکانداروں ، تاجروں اور گاڑی والوں کیلئے وبال جان بن گیا ہے اور لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ کمپنی اور انتظامیہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوکر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ اور ایس ایچ او تھنہ منڈی شوکت چوہدری نے موقع پر پہنچ کر لوگوں اور مسافروں کو یقین دلایا گیا کہ عوام کو درپیش مشکلات کو حکام کی نوٹس میں لایاجائے گااور سڑک کی دیکھ اور مرمت کیلئے ذمہ دار ایجنسی کو زمہ داری سے کام کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔آخری اطلاع ملنے تک مذکورہ سڑک پر ٹریفک بحال نہ ہوسکا۔