تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے علاقہ کھبلاں سے تعلق رکھنے والے ایک معذور شخص تمام سرکاری سہولیات سے محروم ہے ۔32سالہ محمد شریف ولد محمد صا دق نامی یہ شخص جسمانی طور پر پیدائشی معذور ہے اور شادی شدہ ہے۔ شریف جو ٹانگوں سے معذور ہے اور اپنے دونوںہاتھوں کے سہارے چلتا ہے،دن کو بھیک مانگ کر اپنی بیوی اور ایک بچے کی کفالت کرتا ہے۔ یہ معذور شخص اپنے کچے مکان کی چھت کے نیچے سکون سے زندگی بسر کر رہا ہے جسکو محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے کوئی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ شریف روزانہ اپنے ہاتھوں اور گھٹنوں کے سہارے تین کلو میٹر پیدل سفر کر کے مین روڈ تک پہنچتا ہے جہاں سے وہ گاڑی پر سوار ہو کر دوسری جگہوں پر جاتا ہے۔ محمد شریف کاکہنا ہے کہ سرکار کی طرف سے کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ ساڑھے تین سال قبل محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے ملنے والی سکوٹی کے لئے اپنی فائیل سابق ممبر اسمبلی راجوری کو سونپی تھی لیکن بد قسمتی سے اس وقت تک نہ سکوٹی ملی اور نہ فائیل واپس ملی۔ اس معذور شخص کے پاس تھوڑی سی زمین ہے جس میں 2018 میں بادل پھٹنے سے ملبہ داخل ہوا اوراب بنجر کی شکل اختیار کر چکی ہے۔محمد شریف کا کہنا ہے کہ انہیں آج تک راشن کارڈ نہیں ملا ہے اور وہ اس کے حصول میں سرکاری دفتروں کے چکر کاٹ کاٹ کر تھک چکا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکز کے زیر اہتمام جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر متعلقہ محکموں کے افیسران کو ہدائت جاری کریں تاکہ اسے تمام بنیادی سہولیات میسر ہو سکیں۔
تھنہ منڈی کا معذورشخص تمام سرکاری سہولیات سے محروم
