تھنہ منڈی کالج میں شہباز راجوروی کی حیات اور ادبی خدمات پر سمینار

 عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی// بین الاقوامی یوم مادری زبان کے موقع پر سرحدی ضلع راجوری کے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں جمعرات کے روز کالج کے سمینار ہال میںیک روزہ سیمینار بہ عنوان ’’ شہباز راجوروی حیات و ادبی خدمات کا انعقاد ہوا۔ اس پروگرام کا انعقاد کالج کی لٹریسی ایکٹویٹی کمیٹی اور ائی کیو اے سی کے اشتراک سے کیا گیا جس کی سربراہی شعبہ اردو کے سربراہ ڈاکٹر عبد الحق نعیمی کر رہے تھے۔ اس پروگرام میں خطہ پیر پنچال کے نامور ماہر تعلیم اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ یافتہ خورشید بسمل مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبد الحق نعیمی کی لکھی ہوئی کتاب “شہباز راجوروی شخصیت و ادبی خدمات” کا رسم اجراء بھی کیا گیا۔ ڈاکٹر عاشق رضا کوآرڈینیٹر آئی کیو اے سی گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

مہمان خصوصی خورشید بسمل نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہباز راجوروی اُردو ادب میں ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ انھوں نے اپنے محبوب استاذ مرحوم شہباز راجوروی کو بہترین خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے اور ان کی ادبی خدمات کو برسوں یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ شہباز راجوروی بیک وقت ایک شاعر ، مضمون نگار ،افسانچہ نگار ،ماہر تعلیم ، دینی و سماجی خدمتگار تھے اور انھیں کئی زبانوں پر دسترس بھی حاصل تھی۔ انہوں نے نئی نسل سے کہا کہ وہ اپنے بزرگوں کے دینی سماجی اور ادبی کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھیں اور ان کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر عبدالحق نعیمی کو بھی مبارک باد پیش کی جنہوں نے شہباز راجوروی کی ادبی خدمات پر ایک عمدہ کتاب لکھ کر انھیں بہترین خراجِ عقیدت پیش کیا وہیں کالج کے انچارج پرنسپل ڈاکٹر نسیم احمد ملک نے بھی اپنے صدارتی خطبہ میں مرحوم موصوف کو ایک مثالی شخصیت قرار دیا اور اس خطہ میں ان کی ادبی خدمات کو سراہا۔ آخیر میں انھوں نے پروگرام میں شامل معزز حاضرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔