تھنہ منڈی میں’ پوشن ماہ ‘کے تحت آگاہی کیمپ منعقد

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی // پوشن ابھیان ستمبر 2023 کے تحت سی ڈی پی او ہیڈ کوارٹر تھنہ منڈی میں پوشن ماہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام سی ڈی پی او تھنہ منڈی نجمہ بخاری کی سربراہی میں کیا گیا جس کے تحت خواتین کو اچھی غذا اور تازہ سبزیاں وغیرہ استعمال کرنے کے لئے آگاہی دی گئی۔ ایس ڈی ایم تھنہ منڈی شفیق احمد میر اس پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔ واضح رہے کہ ستمبر کے مہینے میں راشٹریہ پوشن ماہ یا نیشنل نٹریشن منتھ کو پورے ملک میں پوشن ماہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ پوشن ابھیان کا آغاز 2018 میں ہوا تھا۔

 

اس کا مقصد خوراک میں غذائیت کی کمی کے چیلنجوں پر توجہ دینا ہے۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمہ کو اس ابھیان کا نوڈل محکمہ بنایا گیا ہے جس کے تحت تھنہ منڈی میں پیدائش سے پہلے کی دیکھ بھال خون کی کمی ،بچوں کی بڑھوتری ،لڑکیوں کی تعلیم ، خوراک ، شادی کی صحیح عمر ،حفظان صحت اور صفائی ستھرائی اور حاملہ خواتین کو غذائیت سے بھر پور غذا کھانے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دی گئی وہیں PMMVY یوجنا کے تحت حاملہ خواتین کو اچھی اور صاف ستھری غذا کھانے کی جانکاری بھی دی گئی جس میں پیدائش سے قبل دیکھ بھال ، زیادہ سے زیادہ بریسٹ فیڈنگ ، ماں کو دودھ پلانا (شروعاتی اور خصوصی طور پر ) کامپلیمینٹری فیڈنگ ، انیمیا ، نشو ونما کی جانچ یا نگرانی ، بچیوں کی تعلیم ، خوراک ، شادی کی صحیح عمر ، صفائی، سینیٹیشن اور صحت مند غذا وغیرہ سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی گئیں۔ اس پروگرام میں ایس ڈی ایم شفیق احمد میر کے علاوہ دیگر مقررین نے وزیراعظم کی جامع مجموعی تغذیہ یا پوشن ابھیان یا قومی تغذیہ مہم پروگرام سے متعلق ضروری جانکاری دی جس کا مقصد بچوں ،حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے بہتر تغذیہ فراہم کرانا ہے۔ اس پروگرام میں ایس ڈی ایم کے علاوہ سی ڈی پی او تھنہ منڈی نجمہ بخاری، محکمہ خوراک، محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے مختلف افسران کے علاوہ متعدد پنچوں، سرپنچوں، آنگن واڈی سپروائزروں ، ورکروں ، ہیلپروں ، آشا ورکروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔