عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سرحدی ضلع راجوری کے سب ڈویژن تھنہ منڈی میں ایک ٹاٹا سومو گاڑی زیر نمبر JKO2-5850 اس وقت حادثے کا شکار ہوگی جب وہ تھنہ منڈی سے براستہ عظمت آباد، الال کریوٹ جا رہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کالس کے مقام پر یہ گاڑی حادثے کا شکار ہوگی جس میں پانچ افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ زخمی افراد کو فوری طور پر مقامی لوگوں اور پولیس انتظامیہ کی مدد سے تھنہ منڈی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ابتدائی علاج و معالجہ کے بعد تین شدید زخمی افراد کو جی ایم سی راجوری منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ سب ڈویژن تھنہ منڈی میں حادثات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں اسی طرح کے ایک حادثے میں تھنہ منڈی سے شاہدرہ جا رہی ہے ایک ٹاٹا سومو گاڑی ہسپلوٹ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگی جس میں دو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔ اس موقع پر مکینوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس انتظامیہ ٹھنہ منڈی کی تمام سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی مکمل چھان بین کرے اور اور لوڈنگ یا تیز رفتار گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے تاکہ لوگوں کی قیمتی جانیں بچ سکے۔ انہوں نے تحصیل انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تھنہ منڈی ہسپتال میں ضروری طبی ادویات کی وافر مقدار کو یقینی بنائے تاکہ یہاں اس طرح کے حادثات رونما ہونے پر متاثرین کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تھنہ منڈی ہسپتال میں ضروری بنیادی علاج معالجے کا فقدان ہے جس کی وجہ سے یہاں سے اکثر مریضوں کو جے ایم سی راجوری منتقل کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تھنہ منڈی میں ڈاکٹروں کی ضروری اسامیوں کو فوری طور پر پر کیا جائے نیز یہاں ضروری ادویات کی وافر مقدار کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔