عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی وارڈ نمبر 9 میں جماعت اہلسنت صوبہ جموں رجسٹرڈ اکائی تھنہ منڈی کے سربراہ اور غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی کے خطیب و امام حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی اور محمد فاضل نجار کے دولت خانہ پر مہمان خصوصی مفتی منظور رضا نعیمی کی صدارت میں محفل مولود شریف کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر مفتی ابراھیم مصباحی، مفتی محمد منظور رضا نعیمی، مفتی محمد ارشاد علیمی، قاری وجاہت حسین اجملی، مولانا محمود، حافظ محمد اشرف، مولانا نجم الدین، قاری شوکت حسین، مولانا عبد الرزاق، حافظ ظہور علیمی، حافظ اقبال نظامی اور دیگر متعدد علماء کرام اور عوام اہلسنت کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ان دینی اور نورانی مجالس میں مولود شریف کی تلاوت کے ساتھ ساتھ حمد باری تعالیٰ اور نعت ہائے رسول مقبول کا نذرانہ پیش کیا گیا جبکہ یہاں موجود مقتدر علماء کرام نے سیرت رسول کے مختلف گوشوں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ پروگرام کے آخر میں مفتی محمد ابراھیم مصباحی نے پوری انسانیت کے لئے خصوصی دعا کی۔
وہیں غوثیہ جامع مسجد سیم سمت گلی، فتح پور میں مدرسہ اسلامیہ عربیہ فیض القرآن کے زیر اہتمام مفتی شفیق احمد نے سید سائیں حسین شاہ کی صدارت میں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے ایک اہم پروگرام کا انعقاد کیا۔ تلاوت کلام الہی سے پروگرام کا اغاز ہوا اس کے بعد حاجی محمد افضل ضیا نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت نچھاور کئے ۔ اس موقع پر نامور عالم دین مفتی محمد منظور رضا نعیمی نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ مولانا موصوف نے مزید کہا کہ اگر ہم نے نبی پاک کی تعلیمات کو مشعل راہ نہ بنایا اور آپ کے اسوہء حسنہ پہ عمل کرنا چھوڑ دیا تو دنیا اور آخرت میں ذلت و رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ مولانا نعیمی نے کہا آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اس کی اصل وجہ دین اسلام سے دوری اور آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہونا ہے۔ لہٰذا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ کیونکہ کوئی بھی نظام عمل اور نظام فکر اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک اس نظام پر عمل پیرا ہونے کیلئے نبی پاک کا مبارک طریقہ نہ اپنایا جائے۔ پروگرام کے آخر میںپوری ملت اسلامیہ اور ریاست جموں و کشمیر میں بحالی امن کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس پروگرام میں مفتی شفیق احمد کے علاوہ حافظ ماجد حسین مولانا نصیر احمد علیمی حافظ نسیم رضا حافظ محمد سعید حافظ حبیب الرحمن اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔