تھنہ منڈی میں جل جیون مشن پہیہ جام | شعبہ کی ناقص کارکردگی پر لوگ برہم،انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل

عظمیٰ نیوزسروس
تھنہ منڈی // ایک طرف سرکار عوام کو جل جیون مشن سکیم کے تحت صاف پانی فراہم کرنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ رہی تو وہیں دوسری جانب سب ڈویژن تھنہ منڈی میں سب کچھ اسکے برعکس دیکھنے کو مل رہا ہے۔ لوگوں کے مطابق تھنہ منڈی کے ہسپلوٹ، ڈنہ، چھڑنگ، منگوٹہ، منیہال اور عظمت آباد علاقوں میں (JJM) یا جل جیون مشن سکیم کے تحت بورویل اور لفٹ سکیموں کے ٹینڈر ہوئے تھے ۔مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ علاقوں کے بھی ٹینڈرز ہوئے اور بڑے ٹھیکیداروں نے یہ کام لے کر چھوٹے ٹھیکیداروں یا پھر محکمہ کے دیگر ملازمین کو سونپ دیئے ہیں جو بقول ان کے غیر معیاری کام کر رہے ہیں۔ لوگوں نے بتایا کہ محکمہ کی گائیڈ لائنس کہ مطابق لفٹ اسکیم کی جو پاپئیں لگانی ہے وہ زمین کے 2 فٹ گہری ہونی چاہیے اور اس میں کوئی زیادہ بینڈ وغیرہ بھی نہیں آنا چاہیے مگر ناتجربہ کاری اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے یہ پاپئیں زمین کے بالکل اوپر لگائی جا رہی ہے بلکہ بعض جگہوں پر درختوں کے ساتھ لٹکائی گئی ہے جو یقینی طور پر مستقبل قریب میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو سکتی ہے یا کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہیں، ساتھ ہی اس سے گورنمنٹ کے کروڑوں روپے کا نقصان ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جو ان علاقوں میں جلد جیون مشن سکیم کے تحت خرچ کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور تحصیل انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں مکمل چھان بین کے احکامات جاری کرے تاکہ لوگوں کو راحت ملے اور گورنمنٹ کے خزانے سے خرچ ہونے والے کروڑوں روپے کا نقصان بھی نہ ہونے پائے۔