تھنہ منڈی راجوری میں تازہ آپریشن

راجوری //راجوری ضلع کے تھانہ منڈی سب ڈویژن کے پہاڑی علاقے میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی لمحہ بہ لمحہ اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے۔ راجوری اور پونچھ اضلاع میں تازہ سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیاہے اور تھنہ منڈی راجوری شاہراہ کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔جمعہ شام دیر گئے علاقے سے مشتبہ عسکریت پسند لمحے کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد سیکورٹی سخت کر دی گئی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ کھبلا گائوں میں ملی ٹینٹوں کی حرکات دیکھی گئی جس کے بعد محاصرہ کیا گیا۔ بعض اطلاعات میں کہا گیا کہ طرفین کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ بھی ہوا لیکن پولیس نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے از خود کچھ وارننگ فائر کئے تھے۔جس جگہ آپریشن کیا جارہا ہے وہ تھنہ منڈی اور راجوری کے بیچ کا علاقہ ہے، جو جنگلات کے تھوڑا قریب بھی ہے۔ یہ علاقہ بھٹہ دھوریاں اور نار خاص جنگل مینڈھر کے جنگلاتی سلسلے  سے ملتا ہے لیکن وہاں سے قریب 30کلو میٹر دور ہے۔ جہاں 4فوجی اہلکار مارے گئے تھے اور جہاں 21روز کے بعد آپریشن ختم کیا گیا ہے۔