تھنہ منڈی دیرہ گلی ،منڈی ساوجیاں لورن سڑکیں بند

راجوری +پونچھ //خطہ پیر پنچال کے پہاڑی علاقوں میں جاری برفباری کی وجہ سے کئی سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے عام زندگی مزید متاثر ہو نے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔خطہ میں ہو رہی بارش و برفباری کی وجہ سے راجوری تا تھنہ منڈی اور تھنہ منڈی ۔ دیرہ کی گلی و مضافات میں تمام چھوٹی بڑی سڑکوں پر پھسلن و پسی آنے کی وجہ سے ٹریفک آمدو رفت مکمل بند کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب تحصیل تھنہ منڈی کے بالائی علاقے منگوٹہ،ڈہوک، کھنیال کوٹ، درہ، برہون، عظمت آباد، منیال، اپر بھنگائی، شاہدرہ اور قاضی کوپرہ کے مکینوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تازہ برفباری اور تیز بارشوں کی وجہ سے انھیں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ مکینوں نے بتایا کہ بھاری بارش اور برفباری کی وجہ سے بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے وہیں محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازمین نے میڈیا کی وساطت سے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کا جائز اور مناسب استعمال کریں ۔نیز بارش اور برف باری کے دوران ہیٹر بائیلر اور دیگر الیکٹرانک اشیاء کا کم سے کم استعمال کریں تاکہ اس طرح کے خراب موسم کے دوران بجلی کی فراہمی میں کوئی خلل نہ آئے۔پونچھ ضلع کی تحصیل منڈی میں شدید برف باری سے منڈی سے لورن اور منڈی سے ساوجیاں جانے والی سڑکوں کو ٹریفک آمد و رفت کیلئے بند رکھا گیا۔