تھنہ منڈی اور کوٹرنکہ سب ڈویژن میں طوفانی بارش و ژالہ باری پورے خطہ میں فصلیں شدید متاثر ،کسانوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ

عظمیٰ یاسمین+محمد بشارت

راجوری //سب ڈویڑن تھنہ منڈی اور کوٹرنکہ کے مختلف علاقوں میں ہوئی شدید بارش اور تباہ کن ژالہ باری کی وجہ سے جہاں عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی وہائیں خطہ میں فصلیں بُری طرح سے متاثر ہو گئی ہیں ۔تھنہ منڈی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں دو دن کے وقفہ کے بعد سنیچر کے روز بعد دوپہر ایک مرتبہ پھر شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے نتیجے میں عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے تمام علاقوں میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا البتہ گزشتہ دو دنوں کے وقفہ کے بعد سنیچر کی سہ پہر کو ایک بار پھر سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں ندی و نالوں میں طغیانی آگئی جس کی وجہ سے فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بارشوں کا پانی بازاروں سڑکوں اور گلیوں میں کھڑا ہے کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیاجبکہ بڑے پیمانے پر فصلوں کا نقصان ہوا ہے۔سب ڈویژن تھنہ منڈی اور مضافات میں سنیچر کے روز بعد دوپہر موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں رابطہ سڑکوں پر چند ہی لمحوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جبکہ ندی و نالوں میں پانی کی سطح میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ اس دوران فصلوں ، پھلوں ، سبزیوں و زرعی اراضی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ موسلا دھار بارشوں سے متعدد علاقوں میں پانی و بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے وہیں ندی نالوں میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے راہگیر بھی متاثر ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ خطہ پیر پنچال میں حالیہ دنوں کی تباہ کن بارشوں سے وسیع پیمانے پر زرعی شعبے کو نقصان پہنچا ہے جبکہ علاقہ بھر کی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہو چکی ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے کوئی ٹھوس انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔ انھوں نے تحصیل و ضلع انتظامیہ سے بارشوں سے ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معقول معاوضہ ادا کرنے و ترجیحی بنیادوں پر رابطہ سڑکوں، پانی کی اسکیموں و بجلی نظام کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں موسم مزید خراب اور سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں تحصیل انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو سخت احتیاط برتنے کے لئے کہا گیا ہے۔اسی طرح کوٹرنکہ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری و بارش کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو کرہ رہ گئی۔سب ڈویژن کے پنچایت حلقہ دھار میں شدید نوعیت کی ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے پھل دار درخت تہس نہس ہو کررہ گئے جبکہ فصلوں کا بھی نقصان ہوا ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ژالہ باری کے نقصان کا جائزہ لے کر اُس کی بر پائی کی جائے تاکہ عام لوگوں کی دقتیں کم ہو سکیں ۔