تھنہ منڈی اور درہال میں عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے تقریبات کا سلسلہ جاری

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی // پورے عالم اسلام اور یو ٹی جموں و کشمیر کے باقی حصوں کی طرح سب ڈویژن تھنہ منڈی کے متعدد علاقوں میں ماہ ربیع النور کے سلسلے میں اہم تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی میں مسجد کمیٹی کے زیر اہتمام میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ایک روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر سے علمائے کرام اور عاشقان رسول نے حضور پرنور صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے تئیں اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ یہ پروگرام غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی کے امام و خطیب مولانا حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی کی صدارت میں ہوا۔ اس عظیم الشان اجلاس میں وادء کشمیر سے تشریف لائے ہوئے نامور عالم دین و صدر مفتی جماعت اہلسنت جموں و کشمیر مفتی محمد منظور رضا نعیمی نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف گوشوں پر ایمان افروز بیان کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام الٰہی سے ہوا۔ بعدہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت نچھاور کیے گئے۔

 

اس موقع پر معزز مہمان مفتی محمد منظور رضا نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حب رسول ایمان کی شرط ہے اس کے بغیر کوئی مومن ہو ہی نہیں سکتا ہے۔ لہٰذا محبت رسول کا تقاضا ہے کہ ہم نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کریں۔ اور خدانخوستہ اگر ہم نے نبی پاک کی تعلیمات کو مشعل راہ نہ بنایا اور آپ کے اسوہء حسنہ پہ عمل کرنا چھوڑ دیا تو دنیا اور آخرت میں ذلت و رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ مولانا نعیمی نے کہا آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اس کی اصل وجہ دین اسلام سے دوری اور آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہونا ہے۔ لہٰذا اپنے کریم آقا کی سنت پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ کیونکہ کوئی بھی نظام عمل اور نظام فکر اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک اس نظام پر عمل پیرا ہونے کیلئے نبی پاک کا مبارک طریقہ نہ اپنایا جائے۔ پروگرام کے آخر میں حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی نے پورے ملک کے ساتھ ساتھ یو ٹی جموں و کشمیر میں امن ، خوشحالی اور ترقی و استحکام اور آپسی بھائی چارہ اور باہمی اتفاق و اتحاد کیلئے خصوصی دعا کی۔دوسری جانب پبلک ہائرسیکنڈری اسکول درہال میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ایک عظیم الشان پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ادارہ کے بچوں اور اساتذہ نے شرکت کی۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر صدیق ملک اور حافظ و قاری مختار حسین نے شرکت کی۔ دونوں علماء کرام نے سیرت النبی ﷺپر بہترین انداز میں خطاب کیا اور طلبہ سے کہا کہ پیارے آقا کی پیاری سنتوں کو اپنانا،انکے نقشے قدم پر چلنا، پیارے آقا کی سیرت طیبہ کا مطالعہ کرنا اور انکو اپنی زندگی میں عملی طور پر اختیار کرنا ہی میلاد النبی ہے۔پروگرام کا آغاز حسب دستور تلاوت قرآن پاک سے ہوا، اس کے بعد ادارے کے ایک طالب علم نے اپنے بہترین انداز میں نعت رسول مقبول پیش کی۔