تکمیل قرآن کا روح پروراجتماع | مسجدالحرام میں20لاکھ سے زائد افراد کی شرکت

نیوز ڈیسک
مکہ معظمہ// مسجد الحرام میں رمضان المبارک کی انتیسویں شب تکمیل قرآن کے روح پروراجتماع میں 20 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔حرمین شریفین کے امورکی نگراں وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسجد الحرام میں ختم قرآن اوردعا میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان سمیت 20 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔دوسری جانب سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے شہریوں سے شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے جبکہ نماز عید کی ادائیگی کے لئے اجازت نامے کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔سعودی وزات حج اور عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسجد الحرام اورمسجد نبوی  میں نماز عید کے لئے پیشگی اجازت کی شرط ختم کردی گئی ہے۔عیدالفطر کی نماز کے لئے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم عمرے کی ادائیگی کے لئے ایپلیکیشن کے ذریعے پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ادھرجمعہ کے روز نماز جمعہ اور شام کو نماز تراویح اور عشا کی نمازوں میں سو دو لاکھ فلسطینیوں نے قبلہ اول میں حاضری دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسلامی اوقاف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جمعہ کی نمازاور شام کو عشا اور تراویح کی نمازوں میں دو لاکھ 20 ہزار فلسطینیوں نے قبلہ اول میں نماز ادا کی۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کی طرف سے کھڑی کی گئی تمام رکاوٹوں کے باوجود فلسطینیوں کی بڑی تعداد قبلہ اول میں پہنچنے میں کامیاب رہی۔اسرائیلی فوج نے باب المغاربہ کی سمت سے مسجد اقصی پر دھاوا بولا، فلسطینی شہریوں پر دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 13 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔