تُرکی کا اسرائیلی صدر کے دورے سے قبل فلسطینی حکام سے مشاورت کافیصلہ

انقرہ //اسرائیلی صدر کے دورہ ترکی سے قبل ترک اعلی حکام فلسطینی صدر سے ملاقات اور اسرائیلی صدر کے دورے سے متعلق معاملات طے کرنے کے لیے اسرائیل کا دورہ کریں گے۔اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ 9 مارچ کو ترکی کا دورہ کریں گے۔اس دورے سے قبل صدارتی ترجمان ابراہیم قالن اور نائب وزیر خارجہ سادات اونال 16 اور 17فروری کے دوران فلسطین اور اسرائیل کا دورہ کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کے لیے جانے والا ترک وفد بعد ازاں اسرائیلی حکام کے ساتھ صدر ہرزوگ کے دورے سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لے گا۔دوسری جانب اسرائیل کے بعض وزرا بھی انطالیہ سفارتی فورم میں شرکت کی غرض سے 11سے 13 مارچ کے درمیان ترکی کا دورہ کریں گے۔صدر ایردوان نے کہا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی دوبارہ بحالی سے متعلق دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے درمیان رابطہ ہوا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں سے مذاکرات کے آغاز کا عندیہ ملا تھا۔