توسہ میدان میں’ آپریشن فلاح ‘ناکام

بڈگام//سیاحتی مقام توسہ میدان میں ایک بارودی شل پھٹنے سے ایک نوجوان لقمہ اجل جبکہ مزید 2شدید زخمی ہوئے ہیں۔اتوار کو مقامی نوجوان توسہ میدان میں گھومنے گئے تھے تو اس دوران وہاں ایک باردو شل پھٹ گیا جس کی زد میں آکر3نوجوان واجد احمد آہنگر ولد بشیر احمد آہنگر،مدثر احمد گنائی ولد محمد رمضان اور وسیم احمد گنائی ساکنان زوغو بڈگام زخمی ہوئے جنہیں پہلے سب ڈسٹرکٹ اسپتال کھاگ لایا گیا اور بعد میںانہیں سرینگر منتقل کردیا گیا۔جن میں سے واجد احمدآہنگر صورہ اسپتال میںزخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے کے ساتھ ہی پولیس کی ایک ٹیم کو روانہ کر کے واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ واضح رہے توسہ میدان کئی سال تک فوج کا فائرنگ رینج تھا جس کو چند سال قبل عمر عبداللہ کی حکومت میں فوج نے چھوڑ دیا ۔اس وقت ریاستی حکومت کی استدعا پر فوج نے توسہ میدان کو باردوی شلوں سے پاک کرنے کیلئے’ آپریشن فلاح‘ شروع کیا تھا لیکن اس آپریشن کو نا معلوم وجوہات کی بنا پر ادھورا ہی چھوڑ دیا گیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر بڈگام سحرش اصغر نے توسہ میدان کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے یہاں نئے سرے سے صفائی آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم تشکیل دی جارہی ہے جو توسہ میدان میں ممکنہ بارودی شلوں کی موجودگی کا پتہ لگائے گی تاکہ یہ علاقہ محفوظ بنایا جاسکے۔