تنخواہ کمیشن کی منظوری پر رہبر تعلیم اساتذہ نے جشن منایا

راجوری +پونچھ//راجوری پونچھ کے رہبر تعلیم اساتذہ نے ایس ایس اے ٹیچروں کے حق میں گورنر انتظامیہ کی طرف سے ساتویں تنخواہ کمیشن کی منظوری کے اعلان پر جشن منایا۔دونوں اضلاع میں متعدد مقامات پر اساتذہ کی جانب سے تقاریب اور اجلاس منعقد کئے گئے جس دوران اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے جشن منایاگیا۔پریس کلب راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے ضلع صدر منظور خان نے کہاکہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے جس سے اکتالیس ہزار اساتذہ کی مانگ پوری ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ صرف اکتالیس ہزار اساتذہ کو ساتویں تنخواہ کمیشن کی ادائیگی سے باہر نہیں رکھاجاسکتاتھا اور گورنر انتظامیہ نے ان کی مانگ کوپورا کرکے قابل ستائش اقدام کیاہے ۔وہیں رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کی ایک میٹنگ ساتھرہ میں زیر صدارت سید نیاز کرمانی زونل صدر ساتھرہ منعقد ہوئی۔اس موقعہ پراساتذہ نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک اوران کے صلاح کار خورشید احمد گنائی کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے رہبر تعلیم اساتذہ کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی ادائیگی کا اعلان کیاہے ۔انہوں نے فورم کے تمام ذمہ داران خصوصی طور پر ایجک صدرعبدالقیوم وانی، غازی عبدالعزیز، سلیم ساغر، ونود شرما، ریاض الرحمن، نجم جعفری، شاہنواز کاظمی اور ضلع صدور،زونل صدور،تحصیل صدوراور جدوجہد میں حصہ لینے والے تمام اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی ۔زونل جنرل سکریٹری شکیل قریشی نے کہا کہ مڈ ڈے میل کے بقایا جات واگزار کئے جائیں تاکہ اساتذہ مڈ ڈے میل کو صیحح طریقے سے چلا سکیں۔ ترجمان مختار کھوکھر اورسیکریٹری زاہد اقبال نے بھی دیرینہ مانگ پورا کرنے پر حکام کا شکریہ ادا کیا ۔میٹنگ میں ریحان احمد، بلال احمد ، سجاد کاظمی، سرفراز احمد، اسمٰعیل احمد، خلیل احمد، ممتازاحمد، عامر کرمانی، عبدالرشید، عبدالغنی، شمیم احمد، فاروق پنڈی، اسلم میر وغیرہ بھی موجو دتھے ۔