تنخواہ واجبات اور سفری الائونس

جموں //محکمہ خزانہ کے فائنانشل کمشنر نے سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیداشدہ صورتحال کے پیش نظر 2020-21کے بجٹ تخمینہ کے پہلے سہ ماہی کو محدود کریں ۔ایک سرکیولر جاری کرتے ہوئے فائنانشل کمشنر ڈاکٹرارون کمار مہتا نے ہدایت دی کہ صرف ریگولر تنخواہیں اور بچوں کا تعلیمی الائونس ہی ادا کیاجائے۔ سرکیولر کے مطابق ’’اپریل سے جون 2020کی مدت کے دوران تنخواہ ایریئر، ایل ٹی سی اور چھٹی ان کیش منٹ محکمہ خزانہ کی اجازت کے بغیر واگزار نہ کی جائے ۔مہتانے کہاکہ ان ملازمین کے حق میں ٹریول الائونس جاری نہ کیاجائے جنہوں نے لاک ڈائون کے دورانیہ میں دفترحاضری نہیں دی ۔طبی علاج کے حوالے سے مہتانے کہاکہ پیشگی پے منٹ صرف ایمرجنسی معاملات پر ہی کی جائے۔انہوں نے آر آر ٹی ، پبلی کیشنز اور دیگر اخراجات نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ غیر معمولی معاملات کی صورت میں فائلیں محکمہ خزانہ کو روانہ کی جائیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پہلے سہ ماہی میں آئوٹ سورس افرادی قوت کے اخراجات اور اجرتیں ایک چوتھائی سے بڑھنی نہیں چاہئیں ۔