جموں// محکمہ صحت میں مستقل بنیادپر تعینات فی میل ملٹی پرپز ہیلتھ ورکرس (ایف ایم پی ایچ ڈبلیو) عرصہ دراز سے تنخواہوں سے محروم ملازموں کی جانب کام چھوڑ ہڑتال جاری ہے۔سوموار کے ر وزفی میل ملٹی پرپزہیلتھ ورکرس نے بچوں کے ہمراہ مظاہرہ کیا۔ان ورکروں کے مطابق وہ پچھلے کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور اس وجہ سے ان کے معمولات زندگی بالکل متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔ احتجاج کے دوران انہوںنے کہاکہ یہ پہلی بار نہیں کہ انہیں اتنے ماہ تک تنخواہوں سے محروم رکھا گیا ہے بلکہ اس سے قبل بھی محکمہ ان کو کئی کئی ماہ تک تنخواہوں سے محروم رکھ کر ان کے لئے پریشانی کھڑی کرتا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ اپنا کام پوری لگن اور ایمانداری سے انجام دیتے ہیںلیکن اس کے عوض ان کی تنخواہیں ہی روک دی جاتی ہیں۔مقررین نے کہا کہ ملازموں کا سارا دارو مدار ان کی ماہوار تنخواہوں پر ہوتا ہے اور جب ان کی یہ تنخواہیں روک دی جاتی ہیں تو ان کے گھروں کا سارا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے،یہاں تک کہ چولہے بھی نہیں جل پاتے ۔انہوں نے ریاستی سرکار خصوصی طور پر وزیر صحت سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کے ایم پی ڈبلیو ملازموں کی بقایا جات واگذار کریں اوراس بات کو یقینی بنایاجائے کہ مستقبل میں کبھی انہیں تنخواہوں کیلئے پریشان نہ ہوناپڑے ۔