تنخواہوں کی عدم ادائیگی ،’وومن ملٹی پرپز‘ ورکرزکااحتجاج

حسین محتشم
پونچھ//تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف خواتین ملٹی پرپز ورکرز (ایف ایم ڈبلیو) نے ضلع ہسپتال پونچھ کے ا حاطہ میں انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے کے بعد دھرنا دیا۔اس موقع پر خواتین مظاہرین نے شدید نعریبازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی پانچ ماہ کی بقایا تنخواہ واگذار کی جائے۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر تنخواہ نہ دی گئی تو وہ کام چھوڑ ہڑتال شروع کر دیں گی۔ایف ایم ڈبلیو یونین کی ضلع صدر پونچھ کرن کماری کی قیادت میں ہوئے احتجاجی مظاہرے میں ضلع پونچھ کے تمام تحصیلوں کی خواتین ملازمین نے شرکت کرتے ہوئے اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا۔اس موقع پر ضلع فرمیسس یونین پونچھ کے ضلع صدر سردار بلبیر سنگھ اور میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن پونچھ کے جنرل سیکر یٹری سردار راوندر سنگھ اور دیگر ملازموں نے بھی شرکت کر کے احتجاجی ملازمین کی مانگوں کو جائز کرار دیتے ہوئے ان کو فوری پورا کرنے کا مطالبہ کیا ۔انھوں نے کہا کہ یہ ملازمین سرکار کی تمام اسکیموں کو زمینی سطح پر چلانے میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔اس کے علاوہ کوڈ19کی وبائی صورت حال میں جوکردار انھوں نے ادا کیا اس کی تعریف وزیر اعظم ہند نے خود کی۔انھوں نے کہا کہ پانچ ماہ سے بغیر تنخواہ کے ملازم کئی طرح کی پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ ایف ایم ڈبلیو یونین پونچھ کی ضلع صدر کرن کماری کا کہنا تھا کہ پانچ ماہ سے تنخواہ واگزار نہ ہونے کی وجہ سے وہ طرح طرح کی مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کی تنخواہیں واگزار نہ کی گئی تو وہ کام چھوڑ ہڑتال شروع کریں گی جس کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔