تنخواہوں سے محروم پی ایچ ای کیجول لیبروں کا احتجاج

سرینگر//تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پی آیچ ای ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر اُن کے مطالبات کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو وہ جمعہ سے وادی بھر میں پانی سپلائی کو منقطع کر دیں گے ۔بدھ کو پریس کالونی میں کشمیر پی ایچ ای جوائنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے بینر تلے احتجاج کرتے ہوئے محکمہ کے کیجول لیبروں نے کہا کہ وہ پچھلے 18ماہ سے تنخوائوں سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں وہ اپنے اہل خانہ سمیت فاقہ کشی کے شکار ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اُن کے گھروں میں مریض ادوایات کیلئے ترس رہے ہیں جبکہ بچوں کو سکولوں سے باہر نکالا جا رہا ہے مگر سرکار اور محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں ۔انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام پر الزام عائد کیا کہ محکمہ خزانہ نے کچھ رقم بطور Wagesواگزار کئے اگرچہ وہ ناکافی ہیں لیکن اُس کے باوجود بھی اس پیسے کو بلا وجہ روک کے رکھا گیا ہے ۔ایسوسی ایشن نے دھمکی دی کہ اگر اُن کے مطالبات کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو 7جون سے 3دن کے لئے مکمل تالہ بند ہڑتال کی جائے گی اور جمعہ سے پانی کی سپلائی بھی روک دی جائیگی۔